خیبر پختونخوا

‘پی ڈی ایم کا جلسہ پشاور میں ضرور ہوگا’

جمعیت علماء اسلام (ف) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ پشاور میں ضرور ہوگا، جلسےکو روکا نہيں جاسکتا۔

عبدالغفور حیدری پشاور کی دیر کالونی مسجد پہنچے جہاں بم دھماکے کے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ یاد رہے چند روز قبل پشاور کے دیر کالونی مدرسے میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مسجد دھماکا بہت دل خراش اور افسوسناک واقعہ ہے، واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن اب تک سنجیدہ ایکشن نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ابھی تک یہاں کا دورہ نہیں کیا اور نہ ہی حکومت کی طرف سے واقعے پر کوئی جوڈیشل کمیشن بنایا گیا۔

رہنما جے یو آئی نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کا جوڈیشل انکوائری کمیشن بنایا جائے اور زخمیوں اور شہداء کیلئے پیکج کا اعلان کیا جائے۔ ان کا کہناتھا کہ حکمران ناکام ہوچکے ہیں کہیں بھی حکومتی رٹ قائم نہیں، پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) جلسہ ضرورہوگا، جلسے کو نہیں روکا جا سکتا، اس کے علاوہ ملتان میں بھی جلسہ ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک کے تحت گوجرانوالا، کراچی اور کوئٹہ میں جلسے ہوچکے ہیں جب کہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے 22 نومبر کو پشاور، 30 نومبر کو ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button