خیبر، مردان، مختلف واقعات میں دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
ضلع خبر اور ضلع مردان میں فائرنگ اور ڈوبنے کے واقعات میں دو بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد کو قتل کر دیا گیا، باڑہ کے نواحی علاقہ بر قمبر خیل کے علاقہ مدرسہ سٹاپ میں سید ملوک ولد عبد الرحمٰن شیخ مل خیل کام کی غرض سے آیا تھا اور چائے کی دکان میں چائے پی رہا تھا کہ اس دوران پستول سے مسلح شخص نے اس پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
دوسرا واقعہ باڑہ کے نواحی اکاخیل کے علاقہ میرگٹ خیل میں پیش آیا جہاں رضا خان ولد سلیم بادشاہ سنزل خیل میرگٹ خیل میں تبلیغی جماعت کی نصرت کیلئے جا رہا تھا کہ اس دوران مسلح موٹر سائیکل سوار نے اس پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم مجروح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے دونوں واقعات میں مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب مردان کی تحصیل کاٹلنگ کے علاقے چانڑونو میں 2 سالہ بچی مرجان گھر کے سامنے نہر میں ڈوب کر لاپتہ ہو گئی، اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو 1122 ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بچی کو ڈوبنے والی جگہ سے کچھ فاصلے پر کاٹلنگ ڈھیرے کلی کے مقام پر پانی سے نکال لیا گیا۔
ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے دختر محبوب علی کو کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
اسی طرح مردان ہی کی تحصیل رستم کے علاقے پشکنڈو میں یحییٰ نامی بچہ کنوئیں میں گرنے سے جاں بحق ہو گیا، بچہ گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کنوئیں میں گر گیا تھا، 5 سالہ یحییٰ کی لاش کو 120 فٹ گہرے کنوئیں سے نکال لیا گیا۔