بی آر ٹی بس سروس پير سے دوبارہ بحال کرنے کا اعلان
ترجمان ٹرانز پشاور عمیر خان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ماہرین پشاور پہنچ کر گاڑیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بسوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد ہی سروس بحال کی جائے گی۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے بی آر ٹی بس سروس 25 اکتوبر سے دوبارہ بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کامران بنگشن نے بی آر ٹی سروس کی دوبارہ بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی اسٹیشن عملے کو بھی ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے چار واقعات سامنے آنے کے بعد بی آر ٹی بس سروس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد روزانہ سفر کرنے والے افراد کی مشکلات بڑھ گئی تھیں۔
دوسری جانب ترجمان ٹرانز پشاور عمیر خان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ماہرین پشاور پہنچ کر گاڑیوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ بسوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد ہی سروس بحال کی جائے گی۔
آگ لگنے کے واقعات کے بعد چینی ماہرین نے انسپکشن شروع کر دی تھی۔ بی آر ٹی کی تمام بسوں کو ازسرنو چیک کیا گیا۔ تکنیکی اعتبار سے کلیئرنس کے بعد سروس بحال کی جانی تھی۔
دو ماہ قبل 13 اگست کو وزیر اعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے کا افتتاح کیا تھا تاہم افتتاح کے بعد سے ہی سروس میں کئی مسائل سامنے آنا شروع ہو گئے تھے اور ایک ماہ کے بسوں میں آگ لگنے کے چار واقعات ہونے پر سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔