زینب قتل کیس: گرفتار ملزم کا عدالت میں صحت جرم سے انکار
چارسدہ پولیس نے ڈھائی سالہ زینب کے اغواء، جنسی زیادتی اورقتل کیس میں گرفتار ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم لعل محمد کو سخت سیکورٹی میں سول جج شیراز فردوس کی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم لعل محمد ذہنی طور پر معذور ہے اور اسکی بات عام لوگ نہیں سمجھ سکتے۔
پولیس نے عدالت میں ملزم کی ترجمانی کیلئے خصوصی افراد کے سینئر ٹیچر کو بھی پیش کیا، سینئر ٹیچر کریم شاہ سوشل ویلفیئر و سوشل ایجوکیش میں گریڈ 17 کا ملازم ہے۔
پولیس کا بتانا ہے ملزم کی ایک ایک بات سمجھنے اور قلمبند کرنے کیلئے ترجمان کی خدمات حاصل کئے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مکمل عدالتی طریقہ کار اور قانونی کاروائی کے دوران ملزم نے عدالت میں صحت جرم سے انکار کر دیا۔
بعد ازاں سول جج شیراز فردوس نے ملزم کو جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے، ملزم لعل محمد کو 31 اکتوبر کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چارسدہ میں ڈھائی سالہ بچی زینب کو پہلے اغوا کیا گیا اور پھر زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد پیٹ اور سینہ چھری سے کاٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔