لوئر دیر، نامعلوم ملزمان نے موبائل ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا
صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر میں موبائل ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق لوئر دیر کے علاقے میدان نماز کوٹ میں نامعلوم افراد نے موبائل ٹاور کے قریب بارودی مواد نصب کیا تھا، بارودی مواد پھٹنے سے موبائل ٹاور مکمل طور پر تباہ ہو گیا تاہم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
موبائل فونز ٹاور کی تباہی کے نتیجے میں جہاں علاقہ مکین موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات سے محروم ہو گئے ہیں وہاں عام شہریوں میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا ہے۔
یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضم اضلاع سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی عدم فراہمی کے خلاف نوجوان اور طلباء احتجاج کرتے رہتے ہیں۔
گزشتہ چند دنوں سے علاقہ میدان میں امن و امان کی صورت حال تیزی کے ساتھ بگڑ تی جارہی ہے۔
گزشتہ ہفتہ عشرہ میں میدان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکول ٹیچر سعید اللہ قتل کیا گیا، امن لشکر کے سربراہ حاجی خان بادشاہ پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ کیا گیا، پی ٹی آئی رہنما ملک عبد اللہ شاہ کے گھر کو بم نشانہ بنایا گیا جبکہ بشگرام سڑک پر بموں کو نصب کیا گیا جیسے پولیس نے ناکارہ بنا دیا۔