کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ: خیبرپختونخوا کے سکولوں میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ
کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے باعث خیبرپختونخوا کے سکولوں میں بریک ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ تعلیم کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سکولوں میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے باعث صبح اسمبلی کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی، اس کے علاوہ سکولوں کے اوقات بھی تبدیل کردی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ہائی سکول کی چھٹی1 بج کر 30 منٹ پر ہوگی، پرائمری سکولوں کے اوقات کار صبح 8:30 سے 12:30 ہوگی۔ اس کے علاوہ محکمہ تعلیم کی جانب سے سکولوں میں ایس او پیز پر سخت عمل درآمد کی بھی ہدایت کردی گئی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نےکہا ہے کہ صوبے کے جن سکولوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے وہ بند کر دیے گئے۔
ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے سکولوں میں کورونا ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور ضلعی سطح پر انتظامیہ کی جانب سے کورونا ایس اوپیز کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ کورونا کے پھیلاوَ کا خدشہ تھا، کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ خیبرمیڈیکل کالج پشاور میں عالمی وبا کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کالج کو 2 ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔