خیبر پختونخوا، طورخم سمیت تمام سرحدات کو پیدل آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا
پاک افغان سرحد طورخم سمیت خیبر پختونخوا کی افغانستان کے ساتھ تمام سرحدات کو کھول دیا گیا، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سات ماہ کی بندش کے بعد کھلنے والا طورخم بارڈر منگل، بدھ، جمعرات اور ہفتہ کے دن کھلا رہے گا۔
اعلامیہ کے مطابق بحال ہونے والی سرحدات میں طورخم، غلام خان اور انگور اڈہ شامل ہیں، پاسپورٹ ویزہ کے ذریعے سرحد پار کرنے کی اجازت ہو گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ کورونا ایس او پی کے تحت ہفتہ میں صرف ایک دن سرحد کھول دی جاتی تھی، سرحدی گزرگاہیں کورونا لاک ڈاون کے باعث 16 مارچ سے معمول کے پیدل آمدورفت کے لئےبند کر دی گئی تھیں، سرحدات پر پیدل آمدورفت شروع ہو گئی جو شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔
واضح رہے کہ طورخم پر گذشتہ نو دس دنوں سے بارڈر کی بندش کے خلاف مزدور یونین کا احتجاج جاری تھا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ پاک افغان بارڈر پر مقامی عوام کو بغیر ویزہ اجازت دی جائے۔
27 ستمبر کو طورخم بارڈر انتظامیہ نے سرحد کو ہفتے میں تین دن پیدل آمد و رفت کے لئے کھولنے کا اعلان کیا جس پر مزدور یونین نے گزشتہ ایک ہفتے سے جاری اپنے احتجاجی مظاہرہ بھی ختم کر دیا تاہم مقامی ذرائع کے مطابق پرامن دھرنا بدستور جاری ہے۔