سفید سنگ فقیر بابا میں جاری تعمیراتی کام ادھورا کیوں؟
پشاور کے نواحی علاقہ سفید سنگ فقیر بابا میں جاری تعمیراتی کام ایک بار پھر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو مبینہ کرپشن کی نذر ہو گیا۔
علاقہمکینوں کے مطابق ٹھیکیدار افسران بالا کے کمیشن کے باعث کام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا جبکہ تعمیر کئے گئے نالوں کے سائیڈ والز میں بھی دراڑیں پڑ گئی ہیں جس کے باعث نالیوں کا گندا پانی گلیوں میں بہنے لگا، انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک ماہ قبل فقیر بابا کے علاقہ میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے سڑک کی تعمیر اور نالوں کے سائیڈ والز کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تعمیراتی کام میں ناقص مٹیریل کے استعمال اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا جس پر سی اینڈ ڈبلیو حکام نے نوٹس لے کر کام دوبارہ شروع کروا دیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق اب ٹھیکیدار باقی ماندہ کام ادھورا چھوڑ کر چلا گیا ہے جس کے باعث نالوں کا گندا پانی گلیوں میں جمع ہو گیا جس کی وجہ سے ان کا گزرنا محال ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کی جانب سے کام ادھورا چھوڑکر جانے کی وجہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کی کرپشن ہے کیونکہ وہ ٹھیکیدار سے کمیشن کا مطالبہ کر رہے تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ محمود خان اور دیگر متعلقہ حکام نوٹس لے کر ملوث افسران کیخلاف کارروائی اور باقی ماندہ تعمیراتی کام کی تکمیل کیلئے اقدامات کریں بصورت دیگر سخت احتجاج کریں گے۔