شادی ہالوں میں دلہا دلہن کیلئے بھی ماسک لازمی قرار
پشاور سمیت صوبے بھر میں پندرہ ستمبر سے کھلنے والے شادی ہالوں میں دلہا دلہن کے لئے بھی ماسک لازمی قرار دیدیا گیا۔
آئندہ ہفتے سے صوبے بھر میں شادی ہالز کھولنے کے حوالے سے ایس او پیز جاری کر دی گئی جس کے تحت دلہا، دلہن کے علاوہ مہمانوں کا داخلہ بھی ماسک کے بغیر نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
کورونا وباء نے پختونوں کی ثقافت کو بدل کر رکھ دیا
کورونا وباء، گھر بیٹھے مرد، بچوں اور خواتین پر اثرات
نوکری سے فارغ بی اے پاس نوجوان سموسے بیچنے پر مجبور
علاوہ ازیں دلہا دلہن، ان کے والدین، ان کے رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ شادی ہالوں کے ملازمین کے لئے بھی ماسک پہننا لازمی ہو گا، ماسک کے بغیر شادی ہالوں میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب 200 سے زائد افراد کی گنجائش ہال میں 100 افراد کو مناسب فاصلے پر بٹھایا جائے گا، 400 سے زائد افراد کے شادی ہال میں 200 افراد، 600 افراد کے شادی ہال میں 300 افراد، 800 شادی ہال کے افراد میں 400 افراد، 1 ہزار افراد کے لئے شادی ہال میں 500 افراد کو آنے کی اجازت دی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز کے تحت شادی ہالوں کے بیت الخلاء میں سینٹی ٹائزر لازمی ہو گا جبکہ شادی ہالوں میں کام کرنے والے ملازمین کا باقاعدہ طبی معائنہ بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صوبے میں کووڈ 19 کے مریضوں کی تعداد میں کمی کے بعد لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں 250 بستروں پر مشتمل کورونا وارڈ بند کر دیا گیا ہے۔
پچھلے ایک ہفتے میں خیبر پختونخوا میں کورونا سے صرف ایک فوتگی کی اطلاع سامنے آئی ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کی شرح بھی 50 سے نیچے ہے۔ گزشتہ روز صوبے بھر میں کورونا کے 39 کیسز سامنے آئے جن کے ساتھ متاثرین کی تعداد 36 ہزار 862 جبکہ اموات کی 1256 ہے۔