خیبر پختونخوا

لوئر دیر، نوشہرہ اور ملاگوری میں حادثات، خاتون سمیت دو افراد جاں بحق 8 زخمی

لوئر دیر، نوشہرہ اور ضلع خیبر کے علاقے ملاگوری میں پیش آنے والے مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہو گئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق لوئر دیر تیمرگرہ کے نواحی علاقہ دار مال میں ڈاٹسن پک اپ کھائی میں گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ چار افراد شدید زخمی ہو گئے، تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تیمرگرہ کے نواحی علاقہ دار مال میں مبینہ طور ایک ڈاٹسن پک اپ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر گہرے کھائی میں جا گری جس سے ایک خاتون مسماۃ (م) جاں بحق ہو گئی جبکہ پک اپ ڈرائیور اسلم خان ایک اور خاتون اور دو بچے شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی لو گوں نے زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تیمرگرہ منتقل کر دیا۔

دوسری جانب نوشہرہ کے علاقے اضاخیل پایان میں مال بردار گاڑی کی چھت سے تین افراد گر گئے جس کے نتیجے میں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔

ملاگوری میں حادثے کا شکار چنگ چی رکشہ

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت ظاہر محمد خان سکنہ چترال سے ہوئی، جاں بحق شخص اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق ٹرک کی چھت سے گرنے والے زخمیوں میں فضل رحیم عمر 39 سال اور تاج رحیم عمر 45 سال سکنہ چترال شامل ہیں، اور دونوں آپس میں بھائی بھائی ہیں، جاں بحق اور زخمی ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور چترال سے مزدوری کرنے آئے تھے۔

ادھر قبائلی ضلع خیبر کے علاقے لوڑہ مینہ ملاگوری میں کیلا لے جانے والا چنگچی رکشہ کھائی میں گر گیا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے جبکہ چنگچی رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button