خیبر پختونخوا

بی آر ٹی بس میں پھر آگ بھڑک اٹھی، مسافر محفوظ

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ اپنے افتتاحی ماہ کے دوران ہی درجن سے زائد بار مختلف قسم کے حادثات کا شکار ہوا ہے جس میں بشتر واقعات آتشزدگی کے ہیں، آج ایک اور بی آر ٹی بس میں آگ لگ گئی خوش قسمتی سے جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق گلبہار میں قائم سٹیشن پر بس کے پچھلے حصے میں اچانک معمولی آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر فائٹرز اور وہیکلز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، بی آر ٹی بس کے تمام مسافر محفوظ ہیں جنہیں بحفاظت نکال لیا گیا۔

ترجمان ٹرانس پشاور کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں ائیں، تحقیقات جاری ہیں۔

قبل ازیں اگست کے آخر میں سٹیشن نمبر 28 حیات آباد میں بی آر ٹی کے بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آئی تھیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز بھی دو بسیں خراب ہو گئی تھیں، گزشتہ روز صبح 9 بجے کے قریب یونیورسٹی ٹاؤن کے قریب بی آر ٹی کے ایک بس میں اچانک خرابی پیدا ہو گئی جس کے باعث سواریوں کو اتر کر کوریڈور میں اگلے سٹیشن تک پیدل جانا پڑا، جبکہ شام کے بعد ارباب روڈ کے قریب مسافروں سے بھری دوسری بس بھی خرابی کے باعث اچانک بند ہو گئی جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب گذشتہ ہی روز پشاور کے بس ڈرائیوروں نے بی آر ٹی میں نوکریاں نہ دینے پر صوبائی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت نے بس ڈرائیوروں سے گاڑیاں خرید کر انہیں نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس وعدے کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button