خیبر پختونخواقبائلی اضلاع

سانحہ زیارت، متاثرین کے لیے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مہمند سانحہ متاثرین کے لیے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی پیکج 5 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ کر دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو ایک لاکھ روپے فی کس  امداد دی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ایک ایک لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا تھا۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، زخمیوں کو مفت طبی سہولیات دی جا رہی ہیں اور ریسکیو آپریشن میں  مقامی کمیونٹی کے تعاون پر مشکور ہیں۔

تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں پیر کے روز سنگ مرمر کی کان اچانک بیٹھ گئی تھی اور درجنوں مزدور ملبے تلے دب گئے تھے منگل کے روز تک جن میں سے بائیس لاشوں کو نکالا جا چکا تھا۔

مقامی افراد کے مطابق اس پہاڑ سے ماربل کی پانچ سے چھ کانیں منسلک ہیں جو مقامی آبادی کے لیے بڑا ذریعہ روزگار ہیں۔ اس پہاڑ سے کچھ فاصلے پر رہائشی مکانات بھی ہیں لیکن وہ اب تک محفوظ ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مزید افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے آپر یشن جاری ہے جبکہ  ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔ ڈی پی اومہمند کا کہنا ہے کہ ملبے میں بڑے بڑے پتھر موجود ہیں جنہیں صرف ہیوی مشینری کی مدد سے ہی ہٹایا جا سکتا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button