خیبر پختونخوا

پشاور، خواتین کیلئے پنک بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں خواتین کے لئے پنک بسوں کی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا، پنک بسیں پشاور سٹی سے حیات آباد تک صرف خواتین کے لئے مختص ہوں گی۔

ذرائع کے مطابق بی آر ٹی سروس شروع ہونے کے باوجود خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بی آر ٹی کی بسوں میں خواتین کی نشستوں پر مردوں نے قبضہ کیا ہوتا ہے، پنک بسیں مردان اور ایبٹ آباد میں بھی شرو ع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مردان میں حکومت جاپان کے تعاون سے خواتین کے لئے چلنے والی پنک بسیں خسارہ کے باعث ٹھیکدارا نے کھڑی کر دی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی دارلحکومت پشاور میں خواتین کے لئے 30 سے زائد پنک بسیں چلائی جائیں گی، جی ٹی روڈ کے ذریعے مختلف روٹس پر سفر کرنے والی خواتین کے لئے یہ بسیں چلائی جائیں گی جس میں مردوں کے بیٹھنے پر پابندی عائد ہو گی۔

ذرائع کے مطابق پنک بسیں چلانے کی منظوری دیدی گئی ہے، یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں کی طالبات اور نوکر پیشہ خواتین وغیرہ کے لئے پنک بسیں ہوں گی، سروس شروع کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button