خیبر پختونخوافیچرز اور انٹرویو

صرف خواتین پر مشتمل خیبر پختونخوا کی تاریخ کا واحد پروڈکشن ہاؤس

آفتاب مہمند

پشاور سے تعلق رکھنے والی دو بہنیں جو فوٹوگرافی اور شارٹ فلمز بنانے کی دنیا میں نہ صرف اپنا نام کما رہی ہیں بلکہ سندس شاہ فوٹوگرافی اور فلمز کے نام سے اپنا ایک پروڈکشن ہاؤس بھی شروع کر چکی ہیں۔ دونوں بہنیں فوٹوگرافی کی دنیا میں یہ ثابت کرنے جا رہی ہیں کہ پہلے پہل صرف مرد اسی شعبہ سے وابستہ ہوا کرتے تھے لیکن اب دور جدید میں خواتین نے بھی اسی شعبے میں قدم رکھ دیا ہے جسے نہ صرف معاشرے میں بےحد سراہا جا رہا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کر رہی ہیں کہ ملکی ترقی میں آج کل کے دور میں خواتین مردوں سے کم نہیں۔

آرٹ کا شعبہ ہو، کھیل کود، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم جیسے شعبوں کے ساتھ ساتھ اب خواتین فوٹوگرافی میں بھی اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا کی خواتین کیلئے بننے والی مثال دونوں بہنیں سندس اور کرن 4 سال سے زائد عرصہ سے فوٹوگرافی کے شعبہ سے وابستہ ہیں لیکن اب کرن شاہ اور سندس شاہ نے اپنا پروڈکشن ہاؤس شروع کر کے خیبر پختونخوا کا پہلا خواتین پروڈکشن ہاؤس قائم کر لیا ہے۔

پشتون معاشرے میں چونکہ روایات، پردہ جیسے اقدامات و لوازمات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سندس اپنا پروڈکشن ہاؤس کا سارا نظام خواتین ہی کے ذریعےچلا رہی ہیں۔

خیبر پختونخوا کی تاریخ کا واحد پروڈکشن ہاؤس صرف خواتین ممبرز پر مشتمل ہے۔ تصویر لینی ہو، ویڈیوز بنانے ہوں، ڈرون آپریٹ کرنا ہو یا پروڈکشن سے متعلق جو بھی کام کرنا ہو انہی خواتین ممبرز کے ذریعے تمام تر فرائض انجام دیئے جا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فوٹوگرافی یا شارٹ فلمز میں اب پختونخوا کی خواتین بھی دلچسپی لینا شروع کر چکی ہیں۔ سندس کے ساتھ کام کرنے والی فیمیل ممبرز کو باقاعدہ طور پر تربیت دے کر بعد میں فیلڈ میں لایا جاتا ہے۔

دونوں بہنیں جو مل کر خود فوٹوگرافی، بے بی شوٹ، ویڈنگ شوٹ، پورٹ فولیو، شارٹ فلمز، فیچر فلمز، ایڈیٹنگ سمیت پروڈکشن کے تمام تر کام میں انتہائی مہارت رکھتی ہیں۔ دونوں بہنوں کے مطابق شروع میں باہر کام کرنا ان کے لئے ایک چیلنج سے کم نہیں تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں بہنوں کو اب ہر جگہ پذیرائی ملنے کے ساتھ ساتھ عزت و احترام بھی مل رہا ہے۔

کرن شاہ فوٹوگرافی اینڈ فلمز میں پی آر مارکیٹنگ میں کام کرتی ہیں۔ ان کی بہن سندس شاہ کریٹیو منیجر اور لیڈ فوٹو گرافر ہیں۔ ان کی پروڈکشن کے کاروبار کی ساری ذمہ داریاں سندس شاہ دیکھتی ہیں۔ بڑی بہن خلیج میں بھی کام کر چکی ہیں۔

سندس شاہ نے ماضی میں خلیج ٹائمز میگزین کیلئے ایک پراجیکٹ میں کام کیا۔ اسی طرح اور کئی پراجیکٹس میں بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ دونوں بہنوں کے مطابق مارکیٹ میں ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا گیپ تھا فی میل فوٹو گرافر نہیں تھیں۔ فیمیل کریٹیو کام نہیں کر رہی تھیں۔ لڑکیوں کی پرائیویسی سمیت تمام تر لوازمات کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے۔

وقت گزرنےکے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں انہوں نے نام بنایا اور مکمل ٹیم بھی خواتین پر مشتمل بنائی ہے۔ اب وہ ٹیم  ویڈیو اور پوسٹ پروڈکشن سب کام کرتی ہے۔

تجربہ کار بہنیں اب نئے فیچر متعارف کروا رہی ہیں جن میں کونسیپٹ شوٹ اور سوشل ایشوز کو لایا جا رہا ہے تاکہ معاشرے پر اچھا اثر پڑے۔

خیبر پختونخوا کی خواتین اب ٹیکنالوجی کی طرف آ رہی ہیں، بڑے بڑے گیجیٹس، کیمرہ، کرین، ڈرون سب کام کر رہی ہیں۔

سندس شاہ نے لاہور، ملتان، دبئی، عمان اور خلیج ٹائمز کے لئے بھی ویڈنگ شوٹ کیا ہے۔ دونوں بہنوں کا خواتین کو یہی پیغام ہے کہ جب بھی نیا ٹرینڈ آئے تو خود کو آگے لائیں، ہمارا ارادہ اپنی ٹیم کو اور خواتین کے ساتھ بڑھانا ہے۔ ہم خواتین کو ویڈیو گرافی اور ایڈیٹنگ کی طرف لانا چاہتے ہیں تاکہ نہ صرف ہمارا بزنس ترقی کرے بلکہ کے پی میں بھی ٹیکنالوجی بھی عام ہو۔

سندس اور کرن کے مطابق وہ اپنے شعبےمیں مزید مہارت حاصل کرنے اور بہتر انداز میں کام جاری رکھنے کیلئے کوشاں رہیں گی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button