کیلاش میں سیلاب، قدیم قبرستان سمیت متعددگھر زیر آب
چترال کے علاقے کیلاش میں موسلادھار بارش کے بعد کئی مقامات سیلاب کی زد میں آئے جس میں قدیم قبرستان سمیت متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب سے برون میں واقع قدیم کیلاش مڈوک جال (قبرستان) ملیامیٹ ہو چکا ہے جبکہ گاؤں کی واٹر سپلائی سکیم بھی متاثر ہوئی جس کی وجہ سے برون گاؤں کے لوگوں کو پینے کے پانی کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیلابی ملبہ نئی تعمیر ہونے والی ہائیر سکینڈری سکول کی عمارت میں گھس گیا ہے مگر عمارت کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔ کندیسار، بتریک، برون، انیژ اور اوونگ کے مقامات میں مکئی، لوبیا کی کھڑی فصلوں اور پھلوں کے باغات کو نقصان پہنچا ہے۔
سیلاب نے کیلاش فیسٹول اوچاو کو بری طرح متاثر کیا ہے، سیلابی ملبوں کی وجہ سے جا بجا روڈ کی بندش سے سیاحوں کی گاڑیاں عارضی طور پر پھنس گئی ہیں۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد وادی میں موجود ہے۔ تنگ سڑکوں اور سیلاب کے باعث روڈ بند ہونے کی بنا پر سیاحوں کو آنے جانے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔
واضح رہے چند روز قبل اپر چترال کے دوردراز اور دور افتادہ گاؤں یارخون لشٹ میں بھی سیلاب آنے کے نتیجے میں دس گھر مکمل طور پر تباہ اور درجن سے زیادہ گھرجزوی طور پر سیلاب برد ہو گئے تھے جبکہ ایک لڑکی سیلاب کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئی تھی۔