تغمہ شجاعت کیلئے انتخاب پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ۔ چیف آف ماندل
سٹیزن جرنلسٹ حضرت یوسف
ملک وسید خان چیف آف ماندل نے کہا ہے کہ تغمہ شجاعت کیلئے انتخاب پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں.
ٹی این این کے ساتھ خصوصی گفتگو میں ملک وسید خان کا کہنا تھا کہ میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور سابق کور کمانڈر پشاور مظہر شاہین کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا نام تغمہ شجاعت کیلئے منتخب کیا ہے، ”افواج پاکستان کا بھی شکریہ جنہوں نے ہمارے خاندان کی قربانیوں کو یاد رکھا اور حوصلہ افزائی کی، میرا خون پاکستان کے لئے تھا، ہے اور رہے گا۔ انشاءاللہ!”
انہوں نے مزید کہا کہ میرا خاندان جس طرح اپنی افواج اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا تھا بالکل وہی جذبہ آج بھی ہے، ملک کی خاطر میرے والد، چچا اور پورا خاندان شہید ہوا لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے، ہمارے ملک کے دشمن خواہ کتنے طاقتور کیوں نہ ہوں لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ہم اپنی حکومت اور فوج کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گی، انشاءاللہ!
چیف آف ماندل کے مطابق بہت سی آزمائشیں آئیں اور میرے اوپر کئی حملے ہوئے اور بم دھماکوں میں اللہ تعالیٰ نے محفوظ رکھا، ”دھرتی کی مثال ماں ی سی ہے اور اس کی حفاظت اپنا ذمہ سمجھتا ہوں۔
ملک وسید خان نے کہا کہ ایک دن میں میرے خاندان سے 10 جنازے نکلے تھے اور اس کے بعد میرے اوپر بھی قاتلانہ حملے ہوئے اور دھمکیاں دی گئیں کہ افواج پاکستان کی سپورٹ اور امن کمیٹی کی سربراہی سے دستبردار ہو جاؤ لیکن میں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کہا کہ جان و مال میرے ملک کے لئے حاضر تھا، ہے اور رہے گا، ایک انچ اپنے موقف سے نہیں ہٹا اور اپنے والد کی طرح ملک و قوم کی خدمت کے لئے کھڑے رہے۔
چیف آف ماندل نے ایک بار پھر کہا کہ میں تمام اداروں کا مشکور ہوں جنہوں نے ہماری حوصلہ افزائی کے لئے میرے والد اور چچا کا تغمہ شجاعت کیلئے انتخاب کیا تھا اور آج میرا نام منتخب کیا ہے، ”میں تمام دوستوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور مشکل میں ساتھ کھڑے رہے۔”