خیبر پختونخوا

صوابی، اپنی دو کمسن بچیوں کو فروخت کرنے والا باپ گرفتار

صوابی پولیس نے 2 کمسن بیٹیوں کو فروخت کرنے والے سنگ دل باپ کو گرفتار کر کے بچوں کو بازیاب کر لیا جبکہ مقامی اصلاحی جر گہ نے ملزم والد ہدایت ا للہ کو ضلع بدر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پولیس تھانہ کالو خان کی رپورٹ کے مطابق ہدایت اللہ ولد فضل اللہ سکنہ شیوہ حال سکندرے کے بارے میں پولیس کو اطلاع ملی کہ ملزم نے اپنی دو کمسن بیٹیوں 11 سالہ مسماة آسما اور 10 سالہ حسناء موضع ڈاگئی کے ممتاز نامی دلال شخص کے ذریعے صوبہ پنجاب کے ایک بوڑھے پر مبلغ تین لاکھ پچاس ہزار روپے کے عوض فروخت کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سودے میں دلال ممتاز نے پچاس ہزار روپے بطور پیشگی وصول کئے تھے جب کہ باقی رقم کی وصولی کے لئے دونوں بچوں کی پنجاب منتقلی اور حوالگی کا بندوبست کر رہے تھے۔

اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی رزڑ پشم گل خان کی قیادت میں ایس ایچ او منصف خان اور پولیس نے فوری کارروائی کر تے ہوئے موضع سکندرے میں ہدایت اللہ کے گھر پر چھاپہ مارا اس دوران دونوں بچوں کو بحفاظت بازیاب کر کے ان کے والد ہدایت اللہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا جب کہ ممتاز کی گرفتاری کے لئے پولیس سر توڑ کوششیں کر رہی ہے۔

ملزم ہدایت اللہ کے آٹھ بچے ہیں جن میں تین بچیاں اور پانچ بچے شامل ہیں، بچی آسماء نے بتایا کہ میرا باپ میری شادی جہلم پنجاب کے ایک بوڑھے شخص کے ساتھ کرانا چاہتا تھا، غربت کے ہاتھوں مجبور والد نے آڑھائی لاکھ روپے کے عوض ہمیں فروخت کیا۔

کالو خان پولیس نے بیان درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button