خیبر پختونخوافیچرز اور انٹرویو

‘اب اللہ کا کرم ہوا ہے رونقیں بحال ہوئی ہیں’

عثمان خان

ملک میں کرونا وباء کی وجہ سے کاروبار کی بندش کے ساتھ ساتھ مزارات اور درگاہیں بھی وائرس پھیلنے کے خطرے کی وجہ سے بند کی گئی تھیں۔

بونیر میں بھی پانچ مہینے قبل ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مزار خضرت پیر بابا (سید علی غوث ترمذی) زائرین کیلئے بند کیا گیا تھا جس کی وجہ سے پیر بابا کے لاکھوں زائرین اور عقیدت مندوں میں بہت بے چینی پائی جاتی تھی۔

بالآخر آج صبح تحصیل گدیزی کے اسسٹنٹ کمشنر سید حماد حیدر نے سادات کمیٹی کے ارکان، سجادنشین دربار عالیہ خضرت پیر بابا اور علاقے کے مشران کی موجودگی میں دربار کو کھول دیا ہے۔

ٹی این این کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت میں سجادہ نشین دربار عالیہ پیر بابا سید حسین شاہ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دربار پیر بابا کئی مہینے بعد کھولنے پر مسرت کا اظہار کیا اور بتایا کہ اب خضرت کے لاکھوں معتقدین کیلئے زیات کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔

 

 

سید حسین شاہ باچا نے یہ بھی بتایا کہ مزار کے ساتھ خضرت پیر بابا کی مسجد کے ساتھ ملحقہ بازار کی بھی رونقیں بحال ہوئی ہیں اور معمولات زندگی اب معمول کی جانب گامزن ہوئے ہیں جو کہ خوشی کا امر ہے۔

انھوں نے بتایا کہ جب کرونا وباء کے دوران پیربابا کا مزار بند تھا تو بھی سینکڑوں زائرین زیات کیلے آتے تھے لیکن دربار بند ہونے کی وجہ سے مایوس واپس لوٹتے تھے، لیکن اب اللہ کا کرم ہوا ہے رونقیں بحال ہوئی ہیں اور اہل تصوف اب بونیر کا رخ کریں گے۔

مزار کے متولی بھی انتظامیہ کے اس اقدام سے کافی خوش ہیں جنہوں نے بتایا کہ جیسے سوشل میڈیا پر پیر بابا کا مزار کھولنے کی خبر چلی ہے تو سینکڑوں زائرین نے دربار کا رخ کیا ہے جن میں دیگر اضلاع کے لوگ بھی شامل ہیں۔

مزار کھلنے کے بعد میڈیا کے نمائیندوں کے ساتھ بات چیت میں اسسٹنٹ کمشنر گدیزی تحصیل سید حماد حیدر نے بتایا کہ ضلع میں ڈپٹی کمشنر بونیر خالد خان اور عوام کی کوششوں کی بدولت کافی حد تک کرونا وائرس پر قابو پا لیا گیا ہے لیکن اب بھی وائرس کا خطرہ موجود ہے لہٰذا مزار خضرت پیر بابا تو دوبارہ کھول دیا گیا ہے لیکن دربار میں زیات کیلئے آنے والے زائرین کو احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ قواعد پر عملدر آمد ضروری ہے۔

پیر بابا دربار کے ساتھ جڑے چھوٹے سے بازار کے ہوٹل مالکان میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں سرباز نامی دوکاندار نے بتایا کہ اب ان کے کاروبار بحال ہوں گے کیونکہ ان کی تجارت کا سارا دارومدار پیر بابا کے زائرین پر ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button