افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کا عمل آج سے دوبارہ شروع
پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی رضاکارانہ وطن واپسی کا عمل آج سے دوبارہ شروع ہوگیا۔ پناہ گزینوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے ترجمان قیصر آفریدی نے بتایا کہ افغانستان واپس جانے کے خواہشمند پناہ گزینوں کے اندراج کیلئے ضلع نوشہرہ کے علاقے ازاخیل میں ایک مرکز قائم کیا گیا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ مرکزمیں پناہ گزینوں کا اندراج صرف پیراورمنگل کو ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پناہ گزینوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کاذیلی دفترہرافغان پناہ گزین کو افغانستان میں آبادکاری کے بعد تقریباً 250 ڈالرفراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں31 جنوری2020 تک رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی تعداد 14 لاکھ 18ہزارسے زائد بتائی جاتی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین(یو این ایچ سی آر) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق یکم مارچ 2019 سے نومبر 2019 تک پاکستان سے مجموعی طورپر6220 رجسٹرڈ افغان مہاجرین واپس چلے گئے ہیں جن میں سے 6035 افغان مہاجرین کو نقد مالی امداد فراہم کی گئی جبکہ باقی 185افراد پہلے ہی یہ امداد حاصل کرچکے ہیں۔