”حکومت لکی مروت کا نام تبدیل کرنے سے باز نہ آئی تو عید کے بعد دمادم مست قلندر ہو گا”
مروت قومی جرگہ نے ضلع لکی مروت کے نام کی تبدیلی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ لکی مروت کے عوام کی خواہشات اور جذبات سے کھیلنا بند کر دے کسی ایک فرد کو لکی مروت کا نام تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے نہ ہی وہ خودمختار ہیں، "اگر حکومت ضلع کا نام تبدیل کرنے سے باز نہ آئی تو عید کے بعد دما دم مست قلندر ہو گا۔”
یہ باتیں مروت قومی جرگہ کے مشران نے جرگہ کے سربراہ الحاج اسلم خان عیسک خیل کی سربراہی میں منعقدہ ایک بڑے جرگے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں جس میں سپریم کمانڈر اختر منیر خان، جے یو آئی کے رکن صوبائی اسمبلی منور خان ایڈوکیٹ، سابق تحصیل ناظمین فرید خان میناخیل و ہدایت اللہ خان عیسک خیل، انجینئر امیر نواز خان، خدائی خدمت گار اور دانشور شہسوار خان ممہ خیل، سابق ضلعی نائب ناظم عارف خان میناخیل، عبدالمالک خان، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حاجی عزیزاللہ خان، پی پی کے ضلعی صدر و سابق ضلع ناظم اقبال حسین ایڈوکیٹ، ناصرکمال خان میناخیل ،تحریک انصاف کے ضلعی صدر جوہر محمدخان، اے این پی کے سابق صوبائی ترجمان ایڈوکیٹ صدرالدین مروت، اے این پی کے ضلعی صدر ملک علی سرور خان، حاجی ہاشم خان بیگوخیل، ملک شمس اللہ خان ایڈووکیٹ، جے یو آئی کے ضلعی امیر مولانا عبدالرحیم، قومی وطن پارٹی کے ضلعی صدر امیر زادہ خان، نوابزادہ عبدالرحیم المعروف منی خان، ہمایون خان بیگو خیل، سلیم خان ملتانی، مولانا اصغر علی، اے این پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فرمان خان، ضلعی صدر آل شاپ کیپرز یونین فضل الرحیم خان، جمیل خان عیسک خیل، ملک رحمت اللہ المعروف متی خان سمیت کثیر تعداد میں مشران علاقہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی صورت لکی مروت کا نام تبدیل نہیں کرنے دیں گے۔
مروت قومی جرگہ نے صوبائی وزیر سماجی و بہبود ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کی جانب سے مروت مشران اور عوام سے مشاورت کئے بغیر صوبائی حکومت کو ضلع لکی مروت کے نام کی تبدیلی کے سلسلے میں دی گئی درخواست پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ مذکورہ فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع لکی مروت کے عوام کو موجودہ نام پسند ہے کیونکہ موجودہ نام کے ساتھ مروت قوم کی تاریخ وابستہ ہے، اگر ضلع لکی مروت کے نام کی تبدیلی ضروری ہے تو پہلے عوامی ریفرنڈم کا انعقاد کیا جائے۔
انہوں نے صوبائی حکومت پر زور دیا کہ اپنے فیصلے پر فوری طور پر نظرثانی کرے بصورت دیگر مروت قومی جرگہ عیدالاضحٰی کے بعد اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔
واضح رہے کہ لکی مروت سے تعلق رکھنے ممبر صوبائی اسمبلی اور صوبائی وزیر براۓ سوشل ویلفیئر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ضلع لکی مروت اور تحصیل لکی مروت کا نام تبدیل کرنے کیلئے باقاعدہ طور پر درخواست خیبر پختونخوا کے وزیراعلی کو دی ہے، لیکن درخواست دینے کے بعد اس معاملے پر گرم بحث شروع ہو گئی ہے اور لکی مروت کے عوام کی جانب سے اس پر کافی سخت ردعمل سامنے آٰیا ہے۔