مردان، اندھے قتل کا ڈراپ سین، ٹیکسی ڈرائیور غیرت کے نام پر قتل
مردان کے تھانہ طورو کی حدود میں اندھے قتل کا ڈراپ سین، ٹیکسی ڈرائیور عمر فاروق کشمیری کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا تھا، گرفتار دو ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم کر لیا۔
ڈی پی مردان داکٹرزاہداللہ نے اپنے دفتر میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 5 جولائی کو مدعی مقدمہ محمد فوجون سکنہ لنڈاکے ہوتی نے اپنے بیٹے ٹیکسی ڈرائیور عمر فاروق کشمیری اور موٹر کار نمبری VX-311 اسلام آباد کی گمشدگی کی رپورٹ تھانہ ہوتی میں درج کرائی جس کی لاش اگلے دن علاقہ تھانہ طورو کی حدود موٹر وے سروس روڈ کے قریب باغات سے ملی۔
واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی شیخ ملتون سرکل شبیر خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ طورو جاوید اقبال معہ تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم کو اس اندھے قتل کیس کو ٹریس کرنے اور واردات میں ملوث عناصر کی گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔
مذکورہ پولیس ٹیم نے جدید سائنسی خطوط اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے ذریعے کیس کی مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے مقتول ٹیکسی ڈرائیور کی موٹر کار کو تھانہ پار ہوتی کی حدود میں واقع لیاقت مارکیٹ ورکشاپ سے برآمد کر کے واردات میں ملوث دو ملزمان شاہ زیب اور اختر زیب جو کہ آپس میں بھائی اور مقتول کے سابقہ پڑوسی ہیں تک رسائی حاصل کر کے ان کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان نے دوران انٹاروگیشن اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ مقتول ہماری بہن کے ساتھ ناجائز تعلقات بنانا چاہتا تھا جو کہ مسلسل اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا تھا جس پر ہم نے اپنے تیسرے شریک واردات بھائی امیر زیب کے ساتھ مل کر اسے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور وقوعہ کے روز اسے پہلے پشاور لے گئے بعد میں جائے وقوعہ مذکورہ بالا پر لے جا کر وہاں پر قتل کر کے لاش کو جھاڑیوں میں چھپا دیا اور مقتول کی موٹر کار چھپانے کی خاطر مذکورہ بالا ورکشاپ میں کھڑی کر دی گئی۔
قتل کیس میں گرفتار ملزمان کے تیسرے شریک واردات بھائی امیر زیب کی گرفتاری کیلئے پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے جس کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او نے پولیس تھانہ خرکی کے حدود میں ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری اور ان سے مال مسروقہ برآمدگی کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ ہفتے علاقہ خرکی کی حدود سے تعلق رکھنے والی مسماۃ (ز) زوجہ فضل محمد نے رات کی تاریکی میں اپنے گھر میں دو نامعلوم مسلح اشخاص کے گھسنے اور گھر کے افراد کو اسلحے کی نوک پر یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے غیر ملکی کرنسی جس میں 48 ہزار سعودی ریال، 10 ہزار ملائیشا رنگٹ، 15 تولے سونا اور 4 عدد موبائل فونز شامل ہیں، کی ڈکیتی کی رپورٹ تھانہ خرکی میں درج کرائی جس پر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا گیا اور واردات میں ملوث دو ملزمان عادل نواز سکنہ شریف آباد درگئی اور ارشد خان سکنہ غنی ڈھیری سخاکوٹ تک رسائی حاصل کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان نے پولیس انٹاروگیشن کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی نشاندہی پر 47500 سعودی ریال، ایک عدد سونے کی مالا، ایک عدد سونے کا جھومر، دو عدد سونے کی انگوٹھیوں سمیت واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل اور دو عدد پستول بمعہ کارتوس برآمد کر لیے، واضح رہے کہ گرفتار ملزمان میں سے ملزم عادل نواز مدعی مقدمہ کا قریبی رشتہ دار ہے۔