خیبر پختونخوا

جنوبی وزیرستان میں زائرین کی گاڑی کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق

جنوبی وزیرستان میں زائرین کی گاڑی حادثے کا شکار ہونے سے 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق جنوبی وزیرستان مچن بابا کی زیارت کرکے واپس آنے والے زائرین کی گاڑی کو لدھا کے علاقے میں حادثہ پیش آیا ہے، جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق لکی مروت، تعلق ممہ خیل سرائے نورنگ سے ہے۔

لکی مروت سے تعلق رکھنے والے زائرین وانہ میں مچن بابا کی زیارت کرنے گئے تھے، بدر پل پر گاڑی بے قابو ہوکرحادثے کا شکار ہوگئی، چارافراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے ہسپتال میں دم توڑا۔

جاں بحق افراد کی نمازجنازہ آبائی گاؤں ممہ خیل سرائے نورنگ میں ادا کردی گئی ہے۔

لکی مروت حادثہ

مقامی لوگوں اور پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کر کے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لئے سول ہسپتال لدھا منتقل کیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق کچھ زخمیوں کی حالت تشویش ناک تھی جنہیں وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں محلہ پیران کے گل فرید شاہ، محلہ درے پلارے کے عطاء اللہ، محلہ جنگل پیران کے عرفان اور ایک نامعلوم فرد شامل ہیں۔

دوسری جانب دیربالا کے علاقہ کلکوٹ تیلی بانڈہ میں نامعلوم نے فاٸرنگ کر کے تین افراد کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق دیربالا کے علاقہ کلکوٹ تیلی بانڈہ میں ایک خاندان عارضی پناہ گاہ میں مقیم تھا کہ گزشتہ رات نامعلوم افراد نے ان پر فاٸرنگ کی جس کے نتیجے میں زمان خان شاہی، در خان اور زوجہ حضرت بلال جاں بحق ہوئے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کردی

اسی طرح مردان میں نامعلوم افراد ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کرنے کے بعد گاڑی چھین کر فرار ہو گئے، نامعلوم چوروں نے مقتول فاروق کشمیری کو فائرنگ سے قتل کردیا تھا۔

مقتول کا تعلق مردان کے علاقے گلی باغ لنڈاکے سے ہے، چور مقتول کی نعش کو مردان طورو کلی میں سڑک کنارے کھیتوں میں پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

مردان پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دیا، ڈی پی او مردان ڈاکٹر زاہداللہ کے مطابق ملزمان جتنے بھی ہوشیار ہوں قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔

ادھر نوشہرہ میں ملی خیل ڈوڑان روڈ پر مسلح افراد نے ٹیکسی پر اندھادھند فائرنگ کر کے دو افراد کو بے دردی سے موت کے گھات اتار دیا۔

نوشہرہ پولیس کے مطابق لوکل ٹیکسی کو ٹارگٹ کر کے فائرنگ کی گی، مقتولین کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دیا گیا، واقعہ میں برکت شاہ ملی خیل پایان اور محمد فیاض سکنہ حکیم آباد نوشہرہ کینٹ جاں بحق ہوئے ہیں۔ مقتول برکت شاہ کے بھائی انور شاہ کی مدعیت میں تھانہ نوشہرہ کلاں میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button