خیبر پختونخوا

ہم اپنے بچوں کا مستقبل مزید تباہ نہیں کر سکتے: پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن مردان

پرائیویٹ سکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن ضلع مردان نے سکولز اگست تک بند رکھنے کا فیصلہ مسترد کر دیا۔
پی ایس ایم اے نے صوبہ بھر میں جائز مطالبات کے لئے پر امن احتجاج کا اعلان بھی کردیا۔

پی ایس ایم اے کے ضلعی صدر محمد نصیر خان آفریدی اور ضلعی ترجمان سید ندیم شاہ نے جاری ایک اخباری بیان میں کہا کہ ایس او پیز کے تحت دیگر شعبوں کی طرح سکولز بھی کھولیں جائیں۔ اُنھوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کا مستقبل مزید تباہ نہیں کر سکتے۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تعلیمی ایمرجنسی کے دعوے کہاں گئے؟ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مدارس گورنمنٹ سکولز اور پرائیویٹ سکولز کو فوری طور کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ یہ قوم جہالت کے اندھیروں سے نکل آئے۔ اُنھوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے جگر گوشے اگر ایک طرف تعلیم و تربیت سے محروم ہو رہے ہیں تو دوسری طرف ان کے معزز اساتذہ فاقوں پر مجبور ہو چکے ہیں۔

حکومت معزز اساتذہ کی سفید پوشی کا بھرم رکھتے ہوئے انکے لئے فوری ریلیف کا اعلان کر ے۔ اُنھوں نے کہا کہ اگر حکومت اپنی اکڑ پر بضدرہی تو ہم راست اقدام اُٹھانے پر مجبور ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت نے مارچ کے مہینے سے ملک بھرکے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند کئے ہیں جو تاحال بند ہیں جبکہ گزشتہ روز  وفاقی حکومت نے 15 ستمبر سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صحت کے  معاملات کو مد نظر رکھا جائے گا جس کے بعد  15  ستمبر سے ملک بھر کے تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے بتایا فیصلہ ہوا ہے کہ مختلف تعلیمی اداروں کو انتظامی دفاتر کھولنے کی اجازت دی جائے کیونکہ آن لائن ایجوکیشن میں جن علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ نہیں طلبہ کو پریشانی کا سامنا ہے اس لیے سکولوں سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button