عامرتہکالی کو ہرحال میں پورا انصاف فراہم کیا جائے گا: اجمل وزیر
مشیر اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان خود تہکال واقعے کو دیکھ رہے ہیں اور کیس کی پیش رفت کے حوالے سے روزانہ آئی جی خیبر پختونخوا سے بریفنگ لے رہے ہیں۔متاثرہ شہری کو ہر حال میں پورا پورا انصاف فراہم کیا جائیگا۔
تہکال واقعے کے حوالے سے جاری بیان میں مشیر اطلاعات نے کہا کہ جیسے ہی تہکال واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تو وزیراعلیٰ محمود خان نے فی الفور اسکا نوٹس لیتے ہوئے ویڈیو میں نظر آنے والے پولیس اہلکاروں سمیت تھانہ تہکال کے ایس ایچ او کو معطل کرکے انکے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔ اسکے علاوہ واقعے کے دوسرے روز وزیراعلیٰ ہاوس میں اس حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی سمیت چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معاملے کی شفاف انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائیگا جس کے لئے پشاور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ گنے چنے اہلکاروں کے ذاتی فعل کو جواز بناکر محکمے کو بدنام کرنے سے ان بیواوں اور یتیموں پر کیا گزرے گی جنکے اپنوں نے خودکش بمباروں کو گلے لگاکر عوام کو تحفظ فراہم کیا ہے۔
واضح رہے چند دن پہلے عامرتاکالی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اس نے پولیس کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا تھا بعد میں ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں عامر تہکالی کو بے حجاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق عامرتہکالی پرتشدد بھی کیا گیا ہے۔
پشاور پولیس کی جانب سے شہری عامر تہکالی پر تشدد اور انکی برہنہ ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے خلاف ایک تحریک بھی شروع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنزپشاور ظہور بابر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔