‘ٹی ایم ایز کے بے قابو غیر ترقیاتی اخراجات ہمیشہ بجٹ خسارے کا سبب بنے’
خیبر پختونخوا میں تحصیل میونسپل انتظامیہ کے مالی امور میں بچت و کفایت شعاری کو یقنی بنانے کے لئے محکمہ بلدیات نے احکامات جاری کر دیئے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش کے مطابق ٹی ایم ایز کے بے قابو غیر ترقیاتی اخراجات ہمیشہ بجٹ خسارے کا سبب بنے اسی لئے غیر ترقیاتی اخراجات کی وجہ سے ہمیشہ محکمہ خزانہ کے گرانٹس پر انحصار کرنا پڑ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی بلز، انٹرنیٹ اور سفری و ڈیوٹی الاونس پر 30 فیصد کٹ لگایا گیا جبکہ خسارے کے شکار ٹی ایم ایز میں نئی بھرتیوں اور نئی آسامی پیدا کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
معاون خصوصی بلدیات نے تحصیل میونسپل انتظامیہ میں نئی تقرری اور خالی آسامیوں کے حوالے سے کہا کہ نئی تقرری اور خالی آسامیوں پر بھرتی کے لئے لوکل کونسل بورڈ سے اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ تمام ٹی ایم ایز کو فیول کارڈ استعمال کرنے کا پابند بنا دیا گیا ہے تاکہ اسی طرح پٹرول و دیگر اخراجات کو ڈیجیٹلائز کیا جا سکے، جن ٹی ایم ایز کی حدود میں پاکستان سٹیٹ آئل کے پمپس نہیں ہے تو وہ کسی نجی پمپ سے فیول کارڈ بنوانے کے پابند ہیں۔
معاون خصوصی برائے لوکل گورنمنٹ کامران بنگش نے کہا کہ ٹی ایم اے اپنی حدود سے باہر گاڑی استعمال نہیں کرسکیں گے جبکہ دفتری ایام میں طے شدہ آفیشل ملاقات کے لئے ٹی ایم اے گاڑی اپنی حدود سے باہر لے جا سکتے ہیں۔
کامران بنگش نے احتساب بارے اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی یہ نہ سمجھے کہ متعلقہ احکامات پر بوگس طریقے سے عملدرآمد ہو گا، آئندہ لوکل کونسل بورڈ بے قابو اخراجات والی ٹی ایم ایز کا فارنزک آڈٹ کروائے گا تاکہ احتساب کا عمل شفاف ہو اور عوامی اثاثہ جات محفوظ ہوں۔
خیبرپختونخوا کے نئی اضلاع کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے علاوہ دیگر اضلاع کے ٹی ایم ایز کوئی نئی گاڑی نہیں خرید سکیں گے۔ جبکہ کسی غیر مجاز ملازم کو گاڑی استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ھیرپھیر یا متعلقہ احکامات کی روگردانی کا ذمہ دار متعلقہ ٹی ایم او ہوگا۔
تحصیل میونسپل انتظامیہ میں گاڑیوں اور اس سے متعلقہ کفایت شعاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون بلدیات نے واضح کیا کہ اعلامیہ میں لکھا گیا ہے پول ڈیوٹی کے لئے مختص گاڑیوں سے صرف مجاز آفیسرز گاڑی لے جا سکتے ہیں، غیرضروری پوسٹوں کی نشاندہی کرکے اسے ختم کر رہے ہیں، کسی بھی دیگر یا متفرق اخراجات کو ختم کیا گیا ہے۔
کامران بنگش نے کہا کہ دفاتر میں اے سی کا استعمال محدود کر کے صرف مجاز ملازمین استعمال کر سکیں گے، بجلی بچت کے سلسلے میں اے سی صرف 22 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھا جائے گا جبکہ ٹی ایم او اپنے دفاتر میں غیرمجاز ملازمین کے دفاتر سے اے سی کنکشن ہٹا دیں۔
معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب مالی طور پر کمزور ٹی ایم اے سالانہ بجٹ میں ہاؤسنگ سکیم کے لئے فنڈز مختص نہیں کر سکتیں، مزید یہ کہ تفریحی اخراجات یعنی کراکری وغیرہ کی خرید پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے، کسی بھی قسم کا اعزازیہ کسی بھی ملازم کو نہیں دیا جائے گا، مثالی کارکردگی کی بنیاد پر لوکل کونسل بورڈ اعزازیے کی منظوری دے سکتا ہے، عارضی طور پر کام کا بوجھ بڑھنے سے کسی بھی ملازم کو اوور ٹائم کا اہل نہیں بنا سکتا۔
کامران بنگش نے کہا کہ تحصیل میونسپل انتظامیہ کی مالی لین دین کے لئے بلینک چیک دینے پر مکمل پابندی لگائی گئی ہے، کوئی بھی ٹی ایم اے صرف دس ہزار کا معمولی کیش رکھ سکتا ہے، کابینہ فیصلے کی روشنی میں تحصیل میونسپل انتظامیہ کسی بھی ورکشاپ یا سیمینار کا انعقاد نہیں کر پائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ کفایت شعاری احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ٹی ایم او کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔