خیبر پختونخوا

سعودیہ سے میتوں کی منتقلی کیلئے 3 دن کی ڈیڈلائن

عوامی نیشنل پارٹی تحصیل جندول اور دیر سوشل ایکٹیویسٹ کے رہنمائوں نے عمران خان کی حکومت کو سلیکٹیڈ حکومت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نالائقی اور نا اہلی کے باعث خلیج ممالک اور خصوصا سعودی عرب میں اوورسیز وطن واپسی کیلئے دردر کی ٹھوکریں کھانے کے ساتھ ساتھ حجروں میں بے یارومددگار پڑے ہیں ،تین دنوں کے اندراندر شمسی ہسپتال سے اوورسیز کی میتوں کو وطن واپس لانے کیلئے انتظامات نہ کئے گئے تو پرتشدد مظاہرے شروع کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار اے این پی تحصیل جندول کے جنرل سیکرٹری سید تیمور جان ،دیر سوشل ایکٹیو یسٹ کے رہنماؤں بلال سبحان ،شان زیب اخون خیل اور یوتھ نیشنل اسمبلی کے ایم این اے واجد خان نے ڈسٹر کٹ پریس کلب تیمرگرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع نیشنل یوتھ ارگنائزیشن اور پختون ایس ایف کے رہنماء بھی موجود تھے ،اے این پی اور دیر سوشل ایکٹیویسٹ رہنمائوں کا کہناتھاکہ پی ٹی آئی نے اوورسیز کی بھر پور مالی سپورٹ کی بدولت کامیابی حاصل کی لیکن افسوس عمران خان اور ان کی نا لائق ٹیم نے مشکل گھڑی میں اوورسیز کو بے یارومدگار چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ خلیج ممالک اور خصوصا سعودی عرب میں کورونا وباء سے ہزاروں کی تعداد میں سمندر پار پاکستانی شہید اور متاثر ہوچکے ہیں لیکن موجودہ حکومت صرف زبانی جمع خرچ کے سوا کوئی عملی اقدام نہیں کررہی ،انھوں نے کہاکہ اس وقت شمسی ہسپتال سعودی عرب میں ضلع دیر سے تعلق رکھنے والے کورونا وباء سے شہید ہونے والے 46افراد کی میتیں پڑی ہیں اور شمسی ہسپتال انتظامیہ نے ایک ہفتہ کیلئے فی میت کے سولہ ہزار سعودی ریال وصول کی ہے جبکہ سات دن مکمل ہونے کے بعد مزید کولڈ سٹوریج میں نہیں رکھا جائیگا ،ایک جانب غریب اوورسیز کورونا وباء سے متاثر ہوکر اپنے حجروں میں گزشتہ چار ماہ سے قید ہے جبکہ دوسری جانب اپنے رشتہ داروں کی میتوں کو وطن واپس لانے کیلئے بھاری رقم ادا کرنے کے باجود ٹکٹس نہیں حاصل کرپارہے ہیں۔

انھوں نے موجودہ حکومت کو سوشل میڈیاکی حکومت قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت سوشل میڈیا پر بلند وبالا دعوے کر رہی ہیں لیکن عملی طورپر کچھ بھی نہیں کر پا رہی کیونکہ یہ حکومت سلیکٹیڈ حکومت ہے ،ان کا مزید کہناتھا کہ سعودی عرب میں پی آئی اے دفتر کو تالے لگا دئے گئے ہیں جبکہ پاکستانی سفیر کا پختونوں کیساتھ انتہائی نامناسب اور ہتک آمیز رویہ ہے ،انھوں نے مطالبہ کیا کہ شمسی ہسپتال میں پڑی 46میتوں کیلئے 2 خصوصی ائیر لائنز کا بندوبست کیا جائے بصورت دیگر تین دنوں میں میتوں کو واپس نہ لانے کی صورت میں پرتشدد مظاہروں پر مجبور ہونگے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ بین الاقوامی پروازوں کے لیے کل سے فضائی حدود جزوی طور کھول دی جائے گی۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام خصوصی طورپر ہمارے اوور سیز ورکرز کے لیے اٹھایا جا رہاہے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ واپس آنے والے اوور سیز پاکستانیوں کو حکومت ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی وبا کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے سب سے زیادہ مشکلات برداشت کیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے ممالک نے اپنا فضائی آپریشن بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے مختلف ممالک میں ہزاروں پاکستانی پھنس کر رہ گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button