‘خیبرپختونخوا میں کورونا مریضوں کے لیے مزید 176 بستروں کا انتظام کیا گیا’
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں کورونا مریضوں کے لیے جدید طبی سہولیات سے آراستہ مزید 176 بستروں کا انتظام کیا جس سے کورونا وائرس سے متاثر شدید بیمار مریضوں کو سہولت میسر آئے گی۔ گزشتہ 10 دنوں کے دوران صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے لیے 32 آئی سی یو جبکہ 144 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بیڈز کا اضافہ کیا گیا۔
صوبے کے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ پشاور میں مزید 19 وینٹی لیٹڈ اور 11 ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مزید 5 آئی سی یو بستر اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 36 بستروں پر مشتمل ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ بنایا گیا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چارسدہ میں 8 وینٹی لیٹڈ بستروں کا آئی سی یو وارڈ اور وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال رجڑ چارسدہ میں 32 بیڈز کا ایچ ڈی یو بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل چارسدہ میں کورونا کے پیچیدہ کیسز کے لیے کوئی سہولت میسر نہیں تھی۔ وزیر صحت کے مطابق کورونا مریضوں کے لیے سوات میں 25، نوشہرہ اور صوابی میں مزید 20، 20 بستروں کے ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس بنائے گئے ہیں۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ اگلے دوماہ میں صوبے میں مزید 1000 آئی سی یو اور ایچ ڈی یو بستروں کا اضافہ کیا جائے گا جس سے ہمیں کورونا کے مریضوں کے علاج معالجے میں آسانی میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آنے والے دنوں میں ہسپتالوں پر بڑھنے والے مریضوں کے بوجھ سے نمٹنے کے لیے تیاری کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں این ڈی ایم اے کے تعاون سے کورونا سنٹر بنا رہے ہیں جو کہ 50 آئی سی یو اور 150 ایچ ڈی یو بیڈز پر مشتمل ہو گا۔ دریں اثنا وزیر صحت تیمور جھگڑا نے انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کے شعبہ انستھیزیا کے سربراہ ڈاکٹر عباس طارق اور بٹگرام میں تعینات ماہر امراض اطفال ڈاکٹر شاہ عالم کے کورونا سے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے اور دونوں ڈاکٹرز کی صوبے اور عوام کے لیے خدمات کو سراہا۔