خیبر پختونخوا

کورونا، مردان کے5علاقوں میں 14 روزکیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن

صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں مردان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے 5 علاقوں میں 14 دن کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ترجمان ڈپٹی کمشنر مردان کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن منگل کی صبح 10 بجے سے 14 دن کیلئے بجلی گھر نزد دوسہرہ چوک، جان آباد، شیخ ملتون سیکٹر اے مکمل، دامن کوہ نزد مزدور آباد روڈ اور تحصیل روڈ کاٹلنگ بازار میں لگایا گیا ہے۔سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں داخل ہونا اور باہر نکلنا بند رہے گا۔

ان علاقوں میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلتے ہوئے کیسز کی وجہ سے سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء خوردنوش، میڈیسن، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔جاری کردہ اعلامیے کی خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف متعلقہ ایکٹ کے تحت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لئے صوبائی حکومت دارالحکومت پشاور کے چار علاقوں میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن اشرفیہ کالونی، چنار روڈ یونیورسٹی ٹاؤن، ڈانش آباد اور سیکٹر ای ٹو فیز ون حیات آباد میں لگایا گیا ہے، ان علاقوں سے اِن آؤٹ انٹری بند رہے گی۔

پشاور کے بعد ایبٹ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع کے 6 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے جن میں کیہال، جھنگی، پی ایم اے روڈ، قلندرآباد، نڑیاں اور سیاحتی مقام نتھیاگلی کا علاقہ ملاچھ شامل ہے۔

اس کے علاوہ سوات کی 11 یونین کونسلوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت 11 علاقوں کو سیل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ سیل کئے جانے والے علاقوں میں یونین کونسل خریڑئی، گوالیرئی،اوڈیگرام، رنگ محلہ لنڈیکس، یونین کونسل قمبر، سیدوشریف، بریکوٹ غربی، کوٹہ شرقی، یونین کونسل کوزہ بانڈئی اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button