پشاور پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے چار شدت پسند گرفتار
پشاور پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم جماعت الاحرار کے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور پولیس نے چند روز قبل گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر تخریبی سرگرمیوں میں ملوث گروہ کے مزید4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم جماعت الاحرار اور حزب الاحرار سے ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار دہشت گردوں نے مختلف تخریبی سرگرمیوں اور بھتہ خوری میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جب کہ ملزمان کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ 9 مئی کوپ شاور پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا تھا۔
سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں سے 4 دستی بم، کلاشنکوف، 4 پستول اور موٹرسائیکل بر آمد کئے ہیں۔