ہنگو میں کورونا سے ایک اور شخص جاں بحق، تعداد 5 ہوگئی
ہنگو میں ایک اور شخص کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان اللہ محسود کے مطابق 55 سالہ شخص تاج محمد ولد پیر محمد پشاور میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہوگیا ہے۔ اے ڈی سی عرفان اللہ محسود نے بتایا کہ رحمان میڈیکل سنٹر پشاور میں مرحوم کا کورونا کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا تھا۔
کورونا سے جاں بحق مریض کو ٹی ایم اے ہنگو نے ایس او پیز کے تحت اپنے گاوں شناوڑی میں سپردخاک کردیا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق تاج محمد کے ساتھ ضلع بھرمیں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی جبکہ 25 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ 22 افراد کے ٹیسٹ کے رزلٹ آنا باقی ہے جن کو گھروں میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے اور 3 افراد کورونا وائرس سے مکمل طور پرصحتیاب ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 45 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2216 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 110851 تک پہنچ گئی ہے۔
اب تک پنجاب میں کورونا سے 773 اور سندھ میں 696افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 610 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 62، اسلام آباد 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔