مزید 21 افراد جاں بحق، خیبر پختونخوا میں کورونا اموات 521 ہو گئیں
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 21 فراد جاں بحق ہو گئے جس کے ساتھ صوبہ میں کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 521 ہو گئی۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے517 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 11 ہزار 890 ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 71 مریض صحت یاب ہوئے، صوبہ میں کورونا وائرس سے اب تک 3221متاثرہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پشاور میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 4423 ہو گئی ہے، پشاور میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے 283 افراد انتقال کر چکے ہیں، پشاور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 9 افراد کورونا سے جاں بحق جبکہ 249 افراد متاثر ہوئے۔
دوسری جانب مردان میں کرونا وائرس نے مزید دو افراد کی جان لے لی جبکہ مزید 14 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہو گئی۔
ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس سے مزید دو افراد مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں جان بحق ہوئے جس کے ساتھ اب تک کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 33 ہو گئی۔
کرونا وائرس سے جاں بحق افراد میںاقبال احمد سکنہ درگئی ملاکنڈ اور ظاہر شاہ سکنہ تخت بھائی جو کہ وفات ہوچکے تھے لیکن ان کی کرونا وائرس کی تصدیق کا نتیجہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں موصول ہوا جس کے ساتھ جان حق افراد کی تعداد 33 ہو گئی، مزید 14 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے ساتھ ضلع مردان میں متاثرہ افراد کی تعداد 555 ہو گئی، 328 افراد سے کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے لئے گئے ٹسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
کرونا وائرس کے مریضوں کے لئے بنائے گئے آئسولیشن وارڈز میں 36 افراد زیر علاج ہیں، ہسپتال ذرائع کے مطابق ہسپتال میں داخل مزید دو مشتبہ افراد بھی فوت ہوئے ہیں لیکن ان سے لئے گئے کرونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹسٹ کے نتائج ابھی تک موصول نہیں ہوئے ہیں۔