‘اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے’
لوئر دیر میں آل پارٹیز کانفرنس کے شرکاء نے دھمکی دی ہے کہ اگر باہر ممالک اور بالخصوص خلیج ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل فوری طور پر حل نہ کئے گئے تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
تیمرگرہ میں آج بروز بدھ جمیعت علمائے اسلام ف کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی عمائدین کے علاوہ انجمن تاجران، انسانی حقوق تنظیموں کے اراکین، گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن سمیت کئی تنظیموں اور پارٹیوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
جامعہ سراجیہ میاں بانڈہ میں اے پی سی کے بعد جمیعت علمائے اسلام ف کے ضلعی امیر سراج الدین نے کہا کہ سعودی عرب سمیت خلیج ممالک میں سینکڑوں پاکستانی مزدور کورونا اور دوسری بیماریوں سے جاں بحق ہوئے ہیں جن کی واپسی کے لئے حکومت کی جانب سے کسی قسم کے سنجیدہ اقدام اٹھنے دکھائی نہیں دے رہیں۔ انہوں نے کہا باہر ممالک میں ہزاروں پاکستان خود اپنی واپسی کے لئے پاکستانی ایمبیسیوں کے سامنے کئی کئی دنوں سے بیٹھے ہوئے ہیں اور اس ضمن میں سعودی عرب میں پاکستانی ایمبیسی کی کارکردگی بہت زیادہ مایوس کن ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مزدور سالانہ اربوں روپے زرمبادلہ پاکستان بجھواتے ہیں اور آج جب وہ مشکل میں ہے تو حکومت نے ان سے آنکھیں موڑ لی ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ جے یو آئی کے ضلعی امیر نے کہا کہ کانفرنس میں شریک تمام افراد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی فوری طور پر خلیج ممالک اور بالخصوص سعودی عرب کا دورہ کرے اور وہاں سے پاکستانیوں کی میتیں لانے کے لئے خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ واپس آنے والے پاکستانیوں کو بھی سستے ٹکٹس فراہم کریں۔
اے پی سی میں جماعت اسلامی کے امیر جماعت اسلامی لوئر دیراعزازلملک افکاری، جما عت اسلامی کے سابق ممبر قومی اسمبلی صاحب زادہ یعقوب خان، مولانا محمد نبی شاہ، قیصر خان دیر قومی پاثون کے اکبر خان، انجمن تاجران تیمرگرہ کے صدر حاجی انوار الدین، عوامی نیشنل پارٹی کے عبدالرشید، انسانی حقوق ملاکنڈ ڈویژن کے صدر عبدالغفار خان، گور نمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر اکرام للہ، جنرل سیکرٹری عمران ٹاکور، پیپلز پارٹی کے شہاب اتمانی نے شرکت کی۔