‘خلیجی ممالک میں سینکڑوں پاکستانیوں کی متییں بے یارومددگارپڑی ہیں’
عوامی نیشنل پارٹی نے دعویٰ کیاہے کہ خلیجی ممالک میں سینکڑوں پاکستانیوں کی متییں بے یارومددگارپڑی ہیں سردخانوں میں جگہ نہیں،گاڑیوں اورحجروں میں لاشیں رکھی گئی ہیں میتوں کو لانے کے لئے خصوصی کارگو پروازیں چلائی جائیں اور جان بحق افرادکے خاندانوں کے لئے خصوصی پیکج کا اعلان کیاجائے۔
اس حوالے سے اے این پی ضلع مردان کے صدر حاجی لطیف الرحمان،جنرل سیکرٹری ہارون خان،تحصیل مردان رول کے صدر سعید عالم باباخیل،جنرل سیکرٹری حاجی سبزعلی خان، ضلعی نائب صدر نادیہ شاہ، ملگری وکیلان کے زربادشاہ ایڈووکیٹ،سٹی صدرعباس ثانی اورمیاں امجد شاہ کاکاخیل نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سعود ی عرب میں 83فیصدپختون ہیں یہ لوگ قرضے لے کر بیرون ملک گئے ہیں اور زرمبادلے کماکر وطن عزیز کی خدمت میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وباء کے بعد پختون کمیونٹی شدید مشکلات سے دوچارہے سفارتخانہ متاثرین کی کوئی مدد نہیں کررہااور شدید مشکلات سے دوچار پاکستانیوں کاکوئی ولی وارث نہیں انہوں نے دعویٰ کیاکہ اس وقت ریاض میں 411جدہ میں 209میتیں جگہ جگہ پڑی ہیں جبکہ دبئی،قطر اوردیگر ممالک میں بھی سینکڑوں کی تعداد میں پختون پاکستانی فوت ہوچکے ہیں اور ان کی میتیں بے یارومددگار پڑی ہیں۔
اے این پی کے عہدیداروں نے کہاکہ سردخانو ں میں جگہ نہ ہونے کے باعث اب لاشیں وہاں کے حجروں اور گاڑیوں میں مجبوراًرکھی گئی ہیں واپسی کے لئے کوئی انتظامات نہیں بلکہ الٹا جہاز کے کرایوں میں چارگنا اضافہ کردیاگیاہے اے این پی کے رہنماؤں نے کہاکہ بیرون ملک سے آنے والوں کو پنجاب کے شہروں میں اتاراجارہاہے جہاں قرنطائن سنٹر کے نام پر تجارتی مراکز چلائے جارہے ہیں ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ باچاخان ائیرپورٹ پشاور کو ان پروازوں کے لئے کھول دیاجائے اور بیرون ملک خصوصاً سعودی عرب اور دبئی سے میتیں لانے کے لئے خصوصی کارگو طیارے چلائے جائیں سفارت خانوں کے لئے خصوصی ڈیسک ہر شہر میں قائم کئے جائیں ٹکٹوں میں سبسڈی دی جائے اور بیرون ملک جان بحق ہونے والوں کے لئے ہیلتھ اور دیگر اداروں کے طرز پر خصوصی پیکج کا اعلان کیاجائے۔