50 روپے فیس میں علاج کرنے والا نوشہرہ کا معروف ڈاکٹر پگھ چند کورونا وائرس سے جل بسے
کورونا وائرس نے نوشہرہ میں ایک اور معروف ڈاکٹر کی جان لے لی، نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے سابق میڈیکل افیسر ڈاکٹر پگھ چند چند دن پہلے کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جو کہ آج جل بسے۔
ڈپٹی کمشنر نوشہرہ کے مطابق ڈاکٹر پگھ چند وائرس کی تشخیص کے بعد گھر پر بھی قرنطین کئے گئے تھے۔
ڈاکٹر پگھ چند سکھ برادری سے تعلق رکھتے تھے اور غریب طبقہ کے لئے ایک مسیحا انسان تھے، مقامی لوگوں کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد مہنگائی کے اس دور میں صرف 50 روپے فیس لیکر مریضوں کا علاج کرتے تھے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں میں وہ بہت مشہور ہوگئے تھے اور بڑی تعداد میں مریض ان کے کلینک علاج کے لئے آتے تھے۔
ڈاکٹر پگھ چند کا بنیادی تعلق بونیر کے پیربابا علاقے سے تھا اور نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق ان کی میت بھی اپنے ابائی علاقے منتقل کی گئی ہے جہاں ان کی آخری رسومات ایس او پیز کے مطابق ادا کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی خیبرپختونخوا میں دو معروف ڈاکٹرز چلڈرن سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد اعظم نوشہرہ اور پیتھالوجسٹ ڈاکٹر اورنگزیب خان پشاور وفات پاگئے تھے۔
گزشتہ دنوں صوبے میں کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ 20 اموات ریکارڈ ہوئی تھی جس کے ساتھ صوبے میں مجموعی اموات 473 تک پہنچ گئی ہے جبکہ کل متاثرین کی تعداد بھی 10 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔