علی امین الزامات ثابت کریں ورنہ مونچھیں کٹوائیں۔ فیصل کریم کنڈی
داور کنڈی کے بعد سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے بھی وفاقی وزیر برائے امور کشمر کو مونچھیں کٹوانے کا کہہ دیا۔
ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی سپیکر نے علی امین گنڈہ پور پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ علی امین مجھ پہ لگائے الزامات ثابت کریں ورنہ مونچھیں کٹوائیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا، ”میں نے نوکریاں بیچیں نہ پیٹرول پمپ بنائے ہیں اور نہ ہی جائیدادیں بنائی ہیں، نیب سمیت احتساب کے ادارے تفتیش کریں، کرپشن ثابت ہوئی تو سیاست چھوڑ دوں گا وگرنہ علی امین گنڈہ پور مونچھیں کٹوا لیں جھوٹے کو مونچھ زیب نہیں دیتی۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار سے قبل علی امین کے پاس 72 ماڈل کی پرانی گاڑی تھی، اب آپ قیمتی گاڑیوں کے جلو میں پھرتے ہیں، سود پہ قرض لے کر پہلا الیکشن لڑا لیکن اب اسلام آباد سمیت ملک بھر میں علی امین کی جائیدادیں ہیں۔ ف
سابق ڈپٹی سپیکر کے مطابق پی ٹی آئی کے دور میں کرپشن کے نرخ بڑھ گئے، پٹواری اور تحصیلدار وزراء کی ضروریات پوری کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے دو ممبران اسمبلی سردار اسرار خان گنڈہ پور اور سردار اکرام خان گنڈہ پور کے قتل کی سازش کا الزام تجھ پہ لگا، پی ٹی آئی ممبران اسمبلی سمیت ایس پی طاہر داوڑ کے قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق گنڈہ پوری شہد پی کر اسلام آباد کی سڑکوں پر بھاگنے والے اس شخص نے اس شہر کی ناک کٹوا دی۔