کرم اور مردان میں کورونا بے قابو، درجنوں نئے کیسز رپورٹ
خیبر پختونخوا کے اضلاع کرم اور مردان میں کورونا وائرس بے قابو ہو گیا، دونوں اضلاع سے ایک ہی دن میں درجنوں کیسز رپورٹ ہو گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ضلع کرم میں ایک ہی روز میں کرونا کے مزید 45 پازیٹیو کیس سامنے آئے، ایک ہی خاندان کے تمام انیس افراد اور دوسرے خاندان کے سولہ میں سے چودہ افراد کا کرونا ٹیسٹ پازیٹیو آ گیا، محکمہ صحت نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کر دی۔
پارا چنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر کرم ڈاکٹر عطاء اللہ اور ڈی ایچ او لوئر و سنٹرل کرم ڈاکٹر عنایت الرحمن نے کہا کہ ضلع کرم میں 87 افرد کے ٹیسٹ لئے گئے جن میں آج 54 افراد کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے، ضلع کرم میں پازیٹیو کیسز کی تعداد 148 ہو گئی ہے جن میں 83 افراد ریکور ہو چکے ہیں۔
ہیلتھ آفیسرز کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے ایک مریضہ کے خاندان اور رشتہ داروں کے ٹیسٹ لئے گئے تو مریضہ کے خاندان کے انیس میں سے چودہ افراد کا ٹیسٹ پازیٹیو آیا۔
ہیلتھ افسران کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں ڈسپنسر اشرف گل کرونا وائرس سے شہید ہو گئے جبکہ آنے والے تازہ پازیٹیو کیسیز میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے، مزید 120 افراد کے سمپل لئے جارہے ہیں۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے سٹی انچارج سیف عاشق حسین کا کہنا تھا کہ جن پازیٹیو کیسز کو گھروں میں رکھا گیا انہیں آٹا گھی اور چینی سمیت گھروں پر خوراکی اشیاء فراہم کئے جارہے ہیں۔
ہیلتھ افسران کا کہنا تھا کہ خوشی غمی اور دیگر روایتی تقریبات میں لوگ سوشل ڈسٹنس کا خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر پورا عمل کریں کیونکہ عید کے ایام میں بے احتیاطی کی وجہ سے کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
مردان میڈیکل کمپلیکس میں کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح
دوسری جانب مردان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 52 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہو گئی جبکہ اب تک 27 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ضلعی کرونا وائرس کنٹرول روم کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز لیبارٹری سے مزید 52 افراد میں کروناوائرس کی تصدیق ہوئی جس کے ساتھ ضلع میں اب تک 498 افراد کروناوائرس سے متاثر ہیں، 40 افراد کے نیگیٹیو نتیجے موصول ہوئے جس کے ساتھ اب تک 1181 افرادکے نیگیٹیو نتائج موصول ہوئے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 119 افراد سے کروناوائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹ لئے گئےجس کے ساتھ 327 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کروناوائرس سے اب تک 27 افرادجاں بحق ہوئے ہیں، آئسولیشن وارڈز میں 42 افراد زیرعلاج ہیں۔