احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزیاں، صوبائی حکومت نے پابندیاں دوبارہ لاگو کرنے کی دھمکی دیدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اجمل وزیر نے کہا ہے کہ اگر عوام کورونا کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت کے معیاری طریقہ کار یعنی ایس او پیز پر عمل کرے گی تو پابندیوں میں مزید نرمی کی جا سکتی ہے لیکن اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تو عین ممکن ہے کہ حکومت صوبے میں دوبارہ پابندیاں عائد کردے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے صوبے میں پیر کے دن سے ہر قسم کے ٹرانسپورٹ کو بحال کرنے کی اجازت دی ہے تاہم اس دوران احتیاطی تدابیر کے ایس او پیز پر عمل درامد یقینی بنانے کے لئے حکومت اس کی نگرانی بھی کرے گی۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرتے ہوئے ہفتے میں چار دن کے لئے تمام تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی ہے تاہم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو اشیائے ضروریہ کے مراکز کے علاوہ تمام سرگرمیاں بند رکھنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ حکومت نے پیر کے دن سے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بحال کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔
خیبرپختونخوا میں اس وقت کورونا کے متاثرین کی تعداد 5843 تک پہنچ گئی ہے جن میں 305 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 40 ہزار سے بڑھ گئے ہیں جبکہ 875 اموات بھی ریکارڈ ہوچکی ہیں۔