خیبر پختونخوا

پہلے قرضہ لیا اور پھر جان لے لی، لکی مروت میں اندھے قتل کا ڈراپ سین

پولیس نے لکی شہر کے محلہ خوئیداد خیل میں واقع مسجد میں نوجوان کے بہیمانہ اندھے قتل میں ملوث ملزم کا سراغ لگا کر اسے اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، ملزم سے تفتیش کے لئے جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی.

لکی پولیس کے مطابق 12 مئی کو محلہ خوئیداد خیل کی مسجد میں نوجوان مصباح اللہ کو تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کرنے کے بعد اس کی لاش ستون کے ساتھ رسیوں سے باندھ دی گئی تھی، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور قتل کی اندوہناک واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔

ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزم کی شناخت میں اہل علاقہ اور مشران نے بے حد تعاون کیا جس کے نتیجے میں سٹی پولیس سٹیشن کے انچارج آفیسر اے ایس آئی شفقت اللہ خان کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے مقامی قبرستان کے قریب ملزم بلال کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ مقتول مصباح اللہ کی اسی محلے میں موبائل فون شاپ تھی، ملزم بلال نے اس سے موبائل فون خریدے تھے اور رقم کی ادائیگی کا لالچ دے کر وہ اسے گھر کے ساتھ واقع مسجد لے گیا جہاں تیز دھار آلے سے اسے قتل کردیا۔

وقوعہ کے بعد ملزم نے نہ صرف مقتول کی نقدی ہتھیا لی بلکہ اس کی دکان کھول کر موبائل فون بھی ساتھ لے گیا، ڈی ایس پی نے بتایا کہ پولیس مسروقہ موبائل فون، نقدی اور آلہ قتل کی برآمدگی میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کے بہیمانہ قتل کی تفتیش کے لئے جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button