لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا کے حوالے سے مؤثر منصوبہ بندی نہ ہونے پر سینئر ڈاکٹر مستعفی
لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا کے سدباب کے لیے اقدامات نہ ہونے پر سینئر خاتون ڈاکٹر نے استعفیٰ دے دیا۔ سینئرخاتون ڈاکٹر نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا وائرس کے سدباب کے لیے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں اور انتہائی نگہداشت سمیت دیگر یونٹس میں بھی حفاظتی انتظامات نہیں ہیں۔
استعفے میں مزید کہا گیا ہےکہ ہسپتال میں کورونا وائرس کی بیخ کنی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کا فقدان ہے، آئی سی یو میں نرسنگ سٹاف کی کمی ہے مگر کم سٹاف کے ساتھ آئی سی یو چلا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ تنقید کررہی ہے۔
دوسری جانب ترجمان لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا کہنا ہےکہ ہسپتال انتظامیہ کے ڈاکٹر عائشہ کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور انتظامیہ نے ڈاکٹر عائشہ کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں قائم کیا گیا کورونا کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہے، 200 بیڈزپر مشتمل کورونا کمپلیکس میں وینٹی لیٹر اور دیگر تمام سہولیات موجود ہیں جب کہ ہسپتال انتظامیہ ڈاکٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے۔