خیبر پختونخوا، پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی سہولت کی خاطر پیر سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کا کہنا ہے کہ کمشنرز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹراسپورٹز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تشکیل دیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔
مشیر اطلاعات کے مطابق کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے، ضلع کے اندر یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے، ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنوں کی حدود میں ہوں، ان کے کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہو گا جبکہ تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظرثانی کرایہ وصول کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
16 مئی سے اندرون ملک 5 شہروں کے درمیان پروازیں چلانے کا اعلان
اجمل وزیر کے مطابق ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق سے مشاورت سے کیا ہے، پٹرول پمپ چوبیس گھنٹے کھلے رہ سکیں گے، حجام کی دکانیں SOPs کے ساتھ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہ سکیں گی، اعلامیہ جلد جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 23 مارچ کو خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں شاپنگ مالز, مارکیٹس اور ریسٹورنٹس وغیرہ بند کرنے کے احکامات میں ایک ہفتے تک توسیع کے ساتھ ساتھ ہوٹلوں سے گھروں کو کھانا لے جانے کی سہولت پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔
مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا تھا بین الاضلاع ٹرانسپورٹ پہلے سے بند ہے تاہم تمام اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے، غیر ضروری اشیا بنانے والی فیکٹریاں بھی اتوار تک بند رہیں گی۔
بعدازاں 5 اپریل کو حکومت نے اعلان کیا کہ بین الضلعی اور بین الاضلاعی مسافر پبلک ٹرانسپورٹ 12 اپریل 2020 بروز اتوار تک 7 دن کی مذید مدت کے لئے معطل رہے گی تاہم اس کا اطلاق مال بردار گاڑیوں اور ذاتی نجی گاڑیوں پر نہیں ہوگا۔