قطر سے 237مسافر خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچ گئے
بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ قطر سے 237مسافر خصوصی پرواز کے ذریعے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے۔ خصوصی طیارہ258 افراد کو واپس قطر لیکر روانہ ہوگیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ائیر پورٹ پر مسافروں کو سکریننگ کے بعد قرنطینہ بھجوایا دیا گیا ہے۔ تمام مسافروں کو 24 گھنٹے تک قرنطینہ میں رکھا جائےگا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مسافر سرکاری قرنطینہ کی بجائے اپنے خرچے پر پشاور کے تین نامزد ہوٹلوں میں بھی قیام کرسکتے ہیں۔ 24گھنٹے کے بعد مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی جائےگی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 13 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 815 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 38088 تک جاپہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 284 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 255 اور پنجاب میں 234 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 30، اسلام آباد 7، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔