نوشہرہ میں خاتون سکول استاد میں بعد از مرگ کورونا کی تصدیق، دیگر افراد متاثر ہونے کا خدشہ
نوشہرہ میں 62 سالہ ریٹائڑڈ خاتون ٹیچر کا بعد از مرگ کورونا وائرس کا ٹسٹ مثبت آیا ہے جس نے نہ صرف عزیز و اقارب بلکہ ضلعی انتظامیہ کو بھی تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔
نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کے مطابق ضلع میں دو مزید افراد کی کورونا وائرس سے موت کی تصدیق ہوئی ہے جن میں ایک چند دن پہلے وفات پانے والی 62 سالہ ریٹائرڈ سکول استاد رابعہ بلقیس بھی شامل ہیں جن کے نمونے بعد از مرگ لئے گئے تھے۔
جاں بحق خاتون کی تدفین اور دیگر رسومات میں ایس او پیز پر عمل درامد نہیں کیا گیا تھا، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ان کا غسل و تدفین کرنے والوں کا بھی اب ٹیسٹ ہوگا۔
کورونا سے مرنے والا دوسرا شخص شیدو کا مزدور ہارون الرشید ہے جن کی عمر 45 برس تھی۔
نوشہرہ میں اب تک کورونا سے کل 13 اموات ہوئی ہیں جبکہ کل مثبت کیسز 122 ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع میں روزانہ 15 سے 20 ٹسٹ کروائے جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا کے 5252 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 275 افراد کی موت واقع ہوچکی ہے