درگئی میں گیٹ لگانے پرتنازعہ، ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق
ضلع ملاکنڈ درگئی کے علاقہ وزیرآبادمیں دوسگے بھائیوں کے مابین راستے میں گیٹ لگانے کے تنازعے پرفائرنگ تبادلہ میں خاتون سمیت ایک ہی خاندان کے4افرادجاں بحق جبکہ 6زخمی ہوگئے۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں اور مقدمہ درج کرکے مختلف زاویوں سے تفتیش کا آغاز کردیا، دوسری جانب ایک ہی گھر سے بیک وقت 4جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔
درگئی کے نواحی گاؤں وزیرآبادمیں دوسگے بھائیوں کے درمیان راستے میں گیٹ کی تنصیب کے معاملے پرمعمولی جھگڑا خون کی ہولی میں تبدیل ہوگیا۔دونوں سگے بھائیوں حاجی گل زمان اورحاجی نیازمحمدخان نے ایک دوسرے پر فائرنگ کھول دی جس کی زد میں گھر کے دوسرے مردوزن بھی گولیوں کانشانہ بنے موقع پر حاجی نیازمحمداورگل زمان اپنی شریک حیات سمیت جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے جبکہ ایک اورزخمی صدام حسین ولد حاجی نیازمحمدپشاورلے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑگئے۔
شدید فائرنگ کی زدمیں آکر حمیدخان ،دانیال خان پسرا ن حاجی نیازمحمدخان جبکہ دوسرے فریق سے عیان ولد گل زمان ،عدنان خان ،اویس خان اورعیان خان شدیدزخمی ہوئے جنہیں وزیرآبادسے ریسکیو1122،الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں اورملاکنڈلیویزنے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال درگئی پہنچایا،جہاں پرشدیدزخمیوں کوبذریعہ درگئی ہسپتال کے سرکاری اور الخدمت فاونڈیشن ملاکنڈکے ایمبولینسزکے ذریعے پشاوراورمردان ریفرکیاگیاجن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔