پشاور اور چارسدہ میں اندھے قتل میں ملوث 4 ملزمان گرفتار
پشاور میں پولیس اہلکار جبکہ چارسدہ پولیس نے ایک نوجوان کے اندھے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا۔
پشاور میں تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں پولیس اہلکار اے ایس آئی نیاز بہادر کو پانچ مئی کو مسجد جاتے ہوئے قتل کیا گیا تھا، کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن میں اسفند یار، عمران اور رفیق شامل ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور ظہور بابر آفریدی کے مطابق ملزمان میں ایک ٹارگٹ کلر بھی شامل ہے اور تینوں کا تعلق مقتول کے گاؤں سے ہے، ملزمان نے قتل کو دوسرا رنگ دینے کی خاطر رات کی تاریکی میں واردات کی۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق ملزمان کو آج عدالت حلیم جان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے تینوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا، ملزمان سے اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے، قلیل عرصہ میں ملزمان کی گرفتاری اہم کامیابی ہے۔
دوسری جانب چارسدہ کی خواجہ وس پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، جوان العمر نوجوان کا قاتل اس کاچھوٹا بھائی نکلا۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق منصور ولد سید رحیم سکنہ باغ مٹہ خواجہ وس نے کیجولٹی ہسپتال شبقدر میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے کہا کہ وقوعہ کے وقت میں کارخانہ سے چھٹی کرکے گھر آیا تو معلوم ہوا کہ میرے چھوٹے بھائی سید آغا ولد سید رحیم کو کسی نے اپنے بیٹھک میں فائرنگ سے قتل کیا ہے۔
تھانہ خواجہ وس میں نامعلوم ملزم /ملزمان کے خلاف مقدمہ درج رجسٹر ڈ کیا گیا، تفتیشی ٹیم نے مختلف اینگل سے تفتیش شروع کرتے ہوئے مقتول کے بھائی کو شامل تفتیش کیا۔
دوران انٹاروگیشن ملزم سلیمان ولد سید رحیم سکنہ باغ مٹہ خواجہ وس نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مقتول میرا بڑا بھائی تھا چونکہ مقتول لوفر اور آواہ گردی میں سرگرم عمل تھا، انہیں منع کیا نصیحت کی لیکن نہیں مانا جس کی وجہ سے میں نے طیش میں آکر اپنے بڑے بھائی کو اسلحہ آتشین سے قتل کر دیا۔
ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد ہے مزید تفتیش جاری ہے۔