پشاور میں بم دھماکہ، ٹریفک اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی
پشاور کے معروف تجارتی مرکز اشرف رو ڈ پر بم دھماکے کے نتیجے میں 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امدا د کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دیسی ساختہ 2 کلو بارودی مواد پشاور کے تجارتی مرکز اشر ف روڈ پر رامپورہ گیٹ کے قریب بجلی کے پول میں نصب کیا گیا تھا جو کہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور 1 دکاندار سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی اداروں کی بھاری نفری مو قع پر پہنچ گئی اور انہوں نے اطراف کے مارکیٹ بند کر اکے علاقے کو سیل کر دیا۔
اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک بم دھماکے کی تصدیق کر تے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 2 کلو دیسی ساختہ بارودی مواد استعمال ہو ا اور دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا دھماکے میں ایک موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں ٹریفک اہلکاروں کی شناخت نعیم اور قیصر جبکہ تاجر کی رفیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی اور ایس پی سٹی نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ایس ایس پی آپریشن نے متعلقہ تفتیشی افسران کو ملوث عناصر کا سراغ لگانے کیلئے بازار میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی ہدایت کر دی۔