خون سفید ہوگیا، نوشہرہ میں جائیداد تنازعہ پر بیٹے کے ہاتھوں ماں قتل
نوشہرہ جائیداد میں حصہ مانگنے پر سنگدل بیٹے نے فائرنگ کرکے بزرگ والدہ کو شدید زخمی کردیا۔ پولیس
نوشہرہ میں جائیداد کے تنازعے پر سنگدل بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی ماں کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق اضاخیل کے علاقے میں ملزم نیاز ولی نے جائیداد میں حصہ مانگنے پر پہلے والدہ سے زبانی تکرار کی اور بعد میں اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر ان پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی اور ملزمان نیاز ولی اور ان کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
خیال رہے کہ چند دن پہلے پشاور میں بھی اسی طرح کے دو واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں بہت ہی معمولی باتوں پر گھر ایک سات سالہ بچی سمیت تین افراد قتل کئے گئے ہیں۔
پہلا واقعہ تہکال کے علاقے میں پیش آیا تھا جہاں چچا نے شور مچانے پر اپنی سات سالہ بھتیجی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا جبکہ دوسرا واقعے میں متھرا میں ایک بھائی نے شربت زیادہ میٹھا کرنے پر اپنی ہی بہن اور بھائی کو قتل کردیا تھا۔
دونوں واقعات کے ملزمان گرفتار کئے جاچکے ہیں۔