خیبر پختونخوا

پشاور: میٹھا شربت بنانے پربہن بھائی کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار

پشاور میں دو روز قبل تھانہ متھرا کی حدود میں افطاری کے وقت بہن اور بھائی کو بیدردی کے ساتھ قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ملزم واردات کے فورا بعد ضلع نوشہرہ میں رپوش ہوچکا تھا جس کی گرفتاری خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی ہے، گرفتار ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے جس کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق مدعی امداد ولد مصلی خان ساکن صادق آباد نے تھانہ متھرا پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ اس کے بیٹے محمد اسحاق نے افطاری کے وقت اپنی بہن اور بھائی کو بے دردی سے قتل کیا ہے جس پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔

ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی رورل نجم الحسنین کی سربراہی میں ڈی ایس پی رورل رحیم حسین اور ایس ایچ او متھرا حسن خان پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا۔

جنہوں نے سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے ملزم کے تمام ممکنہ ٹھکانوں پر کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا جبکہ گزشہ روز مصدقہ خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کے دوران ملزم محمد اسحاق ولد امداد کو ضلع نوشہرہ کے ایک بھٹہ خشت سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جس کی نشاندہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق ملزم نے افطاری کے وقت شربت میٹھا بنانے پراپنے بہن بھائیوں کو قتل کیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button