کوہاٹ، بیوی شوہر، شوہر سسرالیوں کے ہاتھوں قتل
کوہاٹ کے سب ڈویژن درہ آدم خیل میں گھریلو چپقلش کی بناء پر شوہر نے میکے بیٹھی ناراض بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، واردات کے بعد سسرالیوں نے ملزم کو پکڑ کر چاقو کے وار سے موت کے گھاٹ اتاردیا۔
کوہاٹ پولیس کے مطابق گزشتہ شب سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقے سنی خیل میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے نتیجے میں شوہر دلاور سکنہ ٹنڈی کلہ شیراکی نے خاتون کا روپ دھار کر سسرال جا کر مبینہ طور پر میکے میں بیٹھی ناراض اپنی جواں سال بیوی کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کی زدمیں آ کر بیوی کی 5 سالہ چھوٹی بہن بھی زخمی ہوئی۔
پولیس کے مطابق ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال کوہاٹ میں لائی گئی دونوں لاشوں کی پوسٹ مارٹم کی گئی جس کے مطابق مقتولہ خاتون گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی ہے جبکہ مقتول شوہر دلاور کے جسم پر چاقو کے ضربات پائے گئے جس سے اندازہ لگتا ہے کہ مبینہ طور پر مقتول ملزم پر سسرال والوں نے جوابی کارروائی کی ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں جاں بحق میاں بیوی کی لاشیں لواحقین کے حوالے کرکے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔
بعض اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے بیوی اور شوہر کے مابین تعلقات خراب تھے اور گھریلو ناچاقی کی وجہ سے بیوی اپنے میکے ناراض بیٹھی تھی۔
دوسری جانب نوشہرہ میں پشتون گڑھی پل کے مقام پر دریائے کابل کے مقام پر بوری بند نعش برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق ایک مقتول کی عمر 40 سال کے قریب ہے، پھندہ دے قتل کیا گیا تھا، ہاتھ پاؤں رسی سے بندھے ہوئے تھے۔
بعدازاں لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال نوشہرہ منتقل کر دی گئی جہاں مقتول کے جسم سے ڈی این اے سیمپلز حاصل کرکے لیبارٹری بھیج دیئے گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہ ہوسکی جس پر اس کو امانتاً دفن کر دیا گیا، مقتول کے فنگرز پرنٹ بھی حاصل کرلیے گئے اور تھانہ پبی میں پولیس کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ادھر مردان کے علاقے کاٹلنگ کوٹی شاہ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے گل محمد نامی شہری اور اس کی بیوی زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے کاٹلنگ ٹائپ ڈی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔