خیبر پختونخوا

چارسدہ کا ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق، باڑہ ہسپتال کے ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق

کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں ڈاکٹروں کی طرف سے قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایل آر ایچ پشاور میں آج ایک ڈاکٹر وائرس کی وجہ سے جاں بحق جبکہ ضلع خیبر کے ڈوگرہ ہسپتال میں فرائض سرانجام دینے والے ایک ڈاکٹر میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نمائندہ ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق چارسدہ کے علاقے جمٹو سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کفایت اللہ آج کورونا کیخلاف جنگ میں اپنی جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ اس بارے خیال یہی ظاہر  کیا جا رہا ہے کہ انہیں یہ مرض (کورونا وائرس) لطیف آباد پشاور میں واقع اپنے نجی ہسپتال میں کسی مریض سے لاحق ہوا تھا۔

دوسری جانب باڑہ ضلع خیبر کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ڈوگرہ ہسپتال میں تعینات 55 سالہ میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر شہباز آفریدی اور ان کے بھائی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈاکٹر شہباز آفریدی کورنٹاٸن سنٹر ڈوگرہ میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے جہاں کورونا واٸرس سے متاثرہ 18 افراد تھے، آج 11 مریضوں کے ٹیسٹ نیگیٹیو آنےکے بعد تاحال 7 متاثرہ مریض کورنٹاٸن ہیں۔

ہسپتال انچارج کے مطابق ڈاکٹر شہباز اور ان کے 37 سالہ بھاٸی عبدالولی خان میں کورونا واٸرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

دیر لوئر میں کورونا کا ایک اور مریض جاں بحق

"صحتیابی کے بعد بھی کورونا پھیپھڑوں میں رہتا ہے”

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے شرح اموات زیادہ کیوں؟

ڈوگرہ ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر ایوب آفریدی کے مطابق ڈاکٹر شہباز پہلے ہی دن سے کورونا واٸرس سے متاثرہ مریضوں کی ڈیوٹی پر معمور تھے اور احسن طریقےسے اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے کہ اس دوران وہ خود اس بیماری کی لپیٹ میں آگٸے۔

ڈاکٹر شہباز آفریدی کی فائل فوٹو

علاوہ ازیں یہ اطلاعات بھی ہیں کہ تنگی زیم سے تعلق رکھنے والا پشاور کے اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج پر مامور فرنٹ لائن پر موجود ہیلتھ پروفیشنلز بھی اس خطرناک مرض کا شکار ہو رہے ہیں اور ملک بھر میں اب تک ڈاکٹرز سمیت 444 ہیلتھ ورکرز کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 10 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

وزارت صحت کے اعدادو شمار کے مطابق متاثر ہونے والے ہیلتھ پروفیشنلز سے یہ وائرس ان سے رابطے میں رہنے والوں میں بھی منتقل ہوا ہے۔

سب سے زیادہ سندھ میں 3 ڈاکٹرز، گلگت بلتستان 2، پنجاب 2 جبکہ بلوچستان، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں ایک ایک ڈاکٹر فرائض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب مک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20134 جبکہ ہلاکتیں 459 ہو گئی ہیں جن میں 180 اموات کے ساتھ خیبر پختونخوا سرفہرست ہے، سندھ میں 130 جبکہ پنجاب میں 121 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button