خیبر پختونخوا

پشاور اور لوئر دیر میں گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری، 20 افراد گرفتار

محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا کو جاری ایک بیان  کے مطابق محکمہ کے حکام نے عوامی شکایات پر حیات آباد میں بشارت مارکیٹ یوسف زئی مارکیٹ سپر مارکیٹ محمد زی مارکیٹ اور سٹی مار ٹ میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرکے نو افراد کو گرفتار کرکے مقامی پولیس سٹیشن کے حوالہ کیا۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ بورڈ بازار اور کوھاٹ روڈ سیفن میں قصائیوں سبزی فروشوں اور دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی میں بیس افراد کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشنز میں مراسلے جمع کرائے گئے ۔

سیکرٹری محکمہ خوراک نے حکام کو سختی سے تاکید کی کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہ کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر تمام بازاروں کو چیک کیا جائے تاکہ غریب عوام کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سرکاری نرخنامہ کے مطابق کھانے کی اشیاء مہیا ہو جو بھی دکاندار سرکاری نرخ نامہ سے تجاوز کرے اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

دوسری جانب فوڈ کنٹرولر دیر لوئر ابوبکر محمود نے گزشتہ روزتیمرگرہ کے مختلف تجارتی مارکیٹوں اور دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور نرخنامے چیک کئے اور زائدالمیعاد اشیاء خورد نوش فروخت اور سرکاری نرخنامہ سے تجاوز کرنے پر درجنوں دکانداروں کا چالان کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ابوبکر محمود نے کہا کہ کسی کو مصنوعی مہنگائی اور سرکاری نرخنامہ سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے تاجروں کو متنبہ کیا کہ معیار اور مقدار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ آویزاں اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے سے اجتناب کیا جائے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button